آزاد کشمیر، الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی میں تاخیر، سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق اگست میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہو سکتے، چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکرٹری کو صورتحال سے آگاہ کر دیا

مظفرآباد (پی این آئی) آزادکشمیر حکومت کی جانب سے آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی میں تاخیر کے نتیجہ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اگست 2022 میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوسکیں گے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے آزادکشمیر کے نئے چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ پر تمام صورتحال واضح کردی ۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا سے چیف سیکرٹری آزادکشمیر محمد عثمان چاچڑ نے آج ان کے آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سینئر رکن الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، رکن الیکشن کمیشن فرحت علی میر اور سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان بھی موجود تھے۔ملاقات میں بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے معاملات زیر بحث لائے گئے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جب تک مطلوبہ فنڈز مہیا نہیں کیے جاتے اس وقت تک بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں۔ فنڈز فراہم کرنا حکومت آزادکشمیر کی ذمہ داری ہے الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہے چیف الیکشن کمیشنر چیف سیکرٹری سے کہاکہ وہ مالی وسائل کی فراہمی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں اور فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائیں اس موقع پر انتظامی آفیسران کی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے امور کی انجام دہی کی نسبت چیف سیکرٹری کو کہا گیا کہ انتظامی آفیسران کو ہدایت کریں کہ وہ الیکشن کمیشن سے بھرپور تعاون کریں اور الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل کریں۔ چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ بلدیاتی حلقہ بندی کی جا چکی ہے اور ووٹر فہرست کی تیاری اگلے ماہ مکمل ہو جائے گی جس کے بعد الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں