آزاد کشمیر، وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کا صاف ستھرا کشمیر پروگرام، ضلع مظفرآباد، وادی جہلم اور وادی نیلم میں صفائی مہم تیسرے روز بھی جاری رہی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کا صاف ستھرا اور خوبصورت کشمیر پروگرام جاری ہے۔ وزیراعظم کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے ضلع مظفرآباد، وادی جہلم اور وادی نیلم میں صفائی ستھرائی اور خوبصورتی مہم تیسرے روز بھی جاری رہی۔ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کے حکم پر اور کمشنر مظفرآباد ڈویژن کی زیر قیادت مظفرآباد ڈویژن کے تینوں اضلاع میں صفائی اور خوبصورتی مہم جاری رہی اس سلسلہ میں بینرز، پوسٹرز، وال چاکنگ، متروک گاڑیوں کے ملبے، ڈھیلی تاروں اور جھاڑیوں کو ہٹانے کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔

دریاؤں میں گندگی کے ڈھیر، دریاؤں کے کناروں اور نالوں سے کچرے کو بھی ہٹایا جا رہا ہے۔آزاد جموں و کشمیر کے مین لائن ڈیپارٹمنٹ مظفرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی، این ایچ اے انتظامیہ پولیس، این جی اوز اور رضاکار مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہے ہیں۔تیسرے دن مظفرآباد شہر میں آبی گزرگاہوں کو دائمی گندگی سے پاک کرنے کے لیے اقدام کیے گئے۔ آزاد کشمیر میں صفائی کے نظام کو مربوط اور منظم بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لیے متعلقہ محکموں کو پی سی ون کی تیاری کے لیے احکامات بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔ تمام بڑے شہروں میں وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کے احکامات کے مطابق سالڈ ویسٹ منیجمنٹ پراجیکٹس بھی شروع کیے جا رہے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کچرا تلف کرنے سمیت صفائی کے حوالے سے آگاہی مہم بھی سرکاری سرپرستی میں نافذ العمل ہے جسے مرحلہ وار سرکاری اداروں اور تعلیمی اداروں میں آگاہی کے طور پر چلایا جا رہا ہے۔ صفائی کے حوالے سے خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ خصوصی تعلیمی اداروں میں ہر بچے کو صفائی کی اہمیت سے روشناس کرانے کے لیے تعلیمی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ شہروں کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری کا احساس دلایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان صفائی کے معاملے میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اب تک ہونے والے صفائی مہم کے نتائج سے مطمئن ہیں۔ وزیراعظم مختلف علاقوں میں صفائی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا خود جائزہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تمام محکموں کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے کہ وزیراعظم مختلف علاقوں میں آمدورفت کے دوران کسی بھی جگہ صفائی کے حوالے سے کوتاہی اور سستی برداشت نہیں کرینگے۔ صفائی مہم میں تمام شہریوں کو شریک کرنے کے لیے مقامی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ خصوصاً تاجروں کو شہروں کے اندر اپنی دکانوں کے باہر کچرے کے لیے خصوصی بیگ رکھنے اور محکمہ صفائی کے عملہ کو یہ صفائی بیگ تلف کرنے کے لیے وسائل فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ صفائی مہم کے حوالے سے تمام وزراء اور ممبران اسمبلی بھی اپنے اپنے حلقہ انتخاب میں جاری مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close