25 مئی، یاسین ملک کی بھارتی عدالت میں پیشی، آزادکشمیر کی متحدہ اپوزیشن کنٹرول لائن کے چکوٹھی سیکٹر میں احتجاجی مظاہرہ کرے گی

مظفر آباد (پی این آئی) آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن 25 مئی کو آزادی پسند کشمیر ی راہنما یاسین ملک کی بھارتی عدالت میں پیشی کے موقع پرکنٹرول لائن کے چکوٹھی سیکٹر میں بھارت کے خلاف احتجاج مظاہرہ کرے گی۔

اس بات کا اعلان آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر نے اسمبلی سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ یاسین ملک کو بھارتی عدالت میں سزا سنائے جانے کے موقع پر متحدہ اپوزیشن کے اراکین اسمبلی چکوٹھی کے مقام پر کنٹرول لائن کے قریب بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کریں گے اس موقع پر اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ممبران اسمبلی سید بازل علی نقوی، جاوید ایوب، احمد رضا قادری،کرنل وقار نور،فیصل راٹھور اور قاسم مجید بھی موجود تھے حکومت کی جانب سے اسبملی کا اجلاس ملتوی کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ اپوزیشن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلائے گئے اسمبلی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور حریت رہنما یاسین ملک کی سزا کیخلاف اہم قراردادوں پر بحث جاری تھی کہ حکومت کی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوہدری یاسین کی تقریر کے دوران ہی اجلاس جلدی میں ملتوی کر دیا

چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آج کے اجلاس میں یاسین ملک کے حوالے سے کوئی قرارداد تک پیش نہیں کی ۔اجلاس ملتوی کرنا حکومت کے اوچھا ہتھکنڈا ہے حکومت غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے 19 مئی کو وزیراعظم آزادکشمیر نے احتجاج کی کال دے کر احتجاج میں نہ خود شریک ہوئے نہ ہی ان کا کوئی وزیر شریک ہوا مظفرآباد میں وزیراعظم آزادکشمیر موجود ہونے کے باوجود اجلاس میں شریک نہیں ہوئے سردار تنویر الیاس مظفرآباد میں ہی سوئے ہوئے ہیں لیکن اس اہم ترین اجلاس میں شریک نہیں ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے خود آواز بلند کرنے کے بجائے حکومت اپوزیشن کی آواز بند کر رہی ہے مقبوضہ کشمیر اور یاسین ملک کے معاملے پر سنجیدگی دکھانے کے بجائے یہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کر رہے ہیں یہ اسلام آباد پر چڑھاو کرنا چاہتے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close