اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں جیمز اور جیولری کے ذخائر بڑھانے کے لئے اقدامات اُٹھائے جائیں تاکہ اس سے پاکستان کی معیشت کو آگے بڑھانے میں مدد ملے اور معاشی صورتحال میں استحکام آئے۔ اسی طرح آزادکشمیر میں بھی قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں جس میں سرمایہ کاری کر کے آزادکشمیر کو خود کفالت کی منزل کی جانب گامزن کیا جا سکتا ہے ہم اس سلسلے میں حکومتی سطح پر سرمایہ کاروں کی ہر طرح کی معاونت اور مدد فراہم کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیر اہتمام تیسری سالانہ جیمز اینڈ جیولری نمائش کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیر اہتمام تیسری سالانہ جیمز اینڈ جیولری نمائش کافیتا کاٹ کر افتتاح کیا۔ اس سے قبل جب صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے پہنچے تو راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ندیم راؤف اور راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے اعلیٰ عہدیداران نے اُن کا استقبال کیا۔اس موقع پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے نمائش میں مقامی و بین الاقوامی شرکاء کی طرف سے لگائے گے سٹالز کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر تقریب سے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ندیم راؤف، چیئرمین جیمز جیولری ایکسپورٹر ایسویسی اختر خان،وفاقی ٹیکس محتسب آصف محمود جان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے مزید کہا کہ میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کواچھے اور بین الاقوامی معیار کی نمائش منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور یہ امر خوش آئند ہے کہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے اس ایونٹ کے انعقاد سے جہاں سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے پاکستان اور بین الاقوامی سطح پر مواقع میسر آئیں گے وہاں ملک کی اکانومی بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
اسی طرح میں اس فورم سے سرمایہ کاروں کو آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کی دعوت دوں گا اور میں آپ لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ سرمایہ کاروں کو آزادکشمیر میں ہر طرح کی سہولیات اور مدد فراہم کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھے گی۔ آزادکشمیر میں سیاحت، قیمتی پتھروں اور دیگرشعبوں میں سرمایہ کاری کا ایک بڑا پوٹیشنل موجود ہے اور آزادکشمیر میں سکیورٹی کا بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے لہذا سرمایہ کاروں کے لئے وہاں پر سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک بہتر فضا اور ماحول موجود ہے۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں