مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی کال پر کشمیری حریت رہنما یاسین ملک پر ہندوستان کی حکومت کی جانب سے جعلی مقدمات اور من چاہے ٹرائل اور متوقع سزا کے خلاف آزادجموں کشمیر بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور یاسین ملک کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیاگیا۔ آزادجموں کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیرا ہتمام برہان وانی شہید چوک میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین نے ہندوستان کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور یاسین ملک کی رہائی کا مطالبہ کیااور ا س سلسلہ میں یو این اور اقوام عالم سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاجی مظاہرے سے پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی، چیئرمین معائنہ کمیشن راجہ منصور خان، حریت رہنما مشتاق الاسلام، ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ محمد سجاد خان، یونس میر، راجہ محمد اسلم خان ودیگر نے خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں سول سوسائٹی، طلبہ، وکلاء، سرکاری ملازمین سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے کے بعد برہان وانی چوک سے گھڑی پن چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پارلیمانی سیکرٹری حکومت آزادکشمیر پروفیسر تقدیس گیلانی، چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن/ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی آزادکشمیر راجہ منصور خان، حریت رہنما مشتاق الاسلام، ڈائریکٹر کشمیر کلچرل اکیڈمی فیضان عارف ودیگر نے کی۔ مظاہرین نے ہندوستان کے خلاف اور یاسین ملک کے حق میں پلے کارڈز اور بینر ز اٹھار رکھے تھے۔ قبل ازیں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہاکہ ہندوستان کی حکومت کشمیری لیڈر شپ کو ختم کرنا چاہتی ہے،ہم تحریک آزادی کے درخشندہ ستارے یاسین ملک کے ساتھ ہیں، کشمیریوں کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ یاسین ملک نے اپنی زندگی تحریک آزادی کیلئے وقف کر دی اور عزم صمیم کے ساتھ کشمیریوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کرتے رہے۔
ہماری بدقسمتی ہے کہ آج سید علی گیلانی ہم میں نہیں۔ ہندوستان کی حکومت ہمارے ہیرو اور عظیم لیڈر یاسین ملک کو سزا دینا چاہی ہے، کشمیری آج بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہندوستان کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔ ہندوستان کسی بھی قیمت پر کشمیریوں کو خرید نہیں سکتا۔ انہوں نے کہاکہ یاسین ملک نے جب کشمیریوں کیلئے جدوجہد شروع کی تو اس وقت وہ جوان تھے ان کی ساری جوانی ہمار ے حقوق کیلئے جدوجہد میں گزر گئی،انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے بہادر عوام کو سلام پیش کرتی ہوں جو ایک نڈر اور عظیم لیڈر کیلئے آج سراپا احتجاج ہیں۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل و چیئرمین معائنہ کمیشن راجہ منصور خان نے کہاکہ ہندوستان کی حکومت کی جانب سے تحریک آزادی کے عظیم ہیرو یاسین ملک کو سزا دینے کا پلان ہے، لائن آف کنٹرول کے دوسر ی جانب پیغا م دینا چاہتے ہیں کہ آزادکشمیر کا بچہ بچہ آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہندوستانی فاشسٹ سرکار کے دن گنے جا چکے ہیں۔ حریت رہنما مشتاق الاسلام نے کہاکہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی کال پر آج ہندوستان کے ناپاک عزائم کا پردہ چاک کرنے کیلئے کشمیری سراپا احتجاج ہیں۔ یاسین ملک جدوجہد آزادی کے ہیرو ہیں۔ ہندوستان حریت قیادت کو پابند سلاسل رکھ کر ان کی آواز کو دبانا چاہتا ہے، کشمیریوں کی آواز نہ دبی ہے نہ دبے گی۔ ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ محمد سجاد خان نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے یاسین ملک کو تحریک آزادی سے ہٹانے کیلئے ان پر بوگس مقدمہ چلایا گیااور ان کو سزا دینے کی تیاری کی جارہی ہے۔ کشمیری ہندوستان کے قبضہ کو کسی صورت قبول نہیں کرتے۔ ریلی کے اختتام پر یاسین ملک اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی، پاکستان کے سلامتی و استحکام کیلئے دعاکی گئی۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں