دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی آج حریت پسند رہنما یاسین ملک کےخلاف جھوٹے مقدمے کی سماعت کے خلاف احتجاج کریں گے، وزیر اعظم آزاد کشمیر مظفر آباد میں مظاہرے کی قیادت کریں گے

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیاس خان کاآج 19مئی کوہندوستانی حکومت کی جانب سے ممتاز کشمیری رہنماء یاسین ملک پر جھوٹے مقدمات کی بنیاد پر متوقع غیر منصفانہ سزا کے خلاف آزادکشمیر بھر میں بھرپور احتجاج کا اعلان۔وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ممتاز کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کے حوالہ سے ہندوستانی انتہاء پسندحکومت کے فیصلہ کے خلاف دنیا کے ہرفورم پر ہندوستان کے خلاف احتجاج کریں گے۔

ہندوستانی سرکار کو بتانا چاہتے ہیں کہ چنگاری سے نہ کھیلو۔19مئی کو ایل او سی کے دونوں اطراف اوردنیا میں جہاں کہیں بھی کشمیری مقیم ہیں ہندوستان کی جانب سے یاسین ملک پر جھوٹے مقدمات کے خلاف باہر نکلیں گے اوراسکی مذمت کریں گے۔ہندوستان کے ادارے فراڈ بیسڈ ادارے ہیں جن سے اچھائی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ ہندوستان کے فراڈ کو دنیا نہیں مانے گی۔ ہندوستان جان لے کہ مسلمان شہادت سے نہیں ڈرتا، یاسین ملک عام آدمی نہیں ہیں۔ کشمیری کسی بھی قیمت پر ہندوستان کے ساتھ نہیں رہ سکتے۔ہندوستانی سرکار پوری دنیا کے امن پسندوں کو چیلنج کررہی ہے۔ یاسین ملک پر بوگس مقدمات اور انکا یکطرفہ ٹرائل ہندوستان میں رہنے والے 27کروڑ مسلمانوں کا بھی امتحان ہے۔ جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے اس کی رگوں میں پاکستان سے محبت شامل رہے گی۔ اقوام متحدہ اپنا وجود کھوتی جارہی ہے، یواین اور پی فائیو ممالک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اقوام متحدہ ہندوستان کو باز رکھے۔ یاسین ملک کے حوالہ سے غیر جانبدار کمیشن لایا جائے،دنیا میں انصاف کے تقاضے ہیں۔

ہندوستان نے5اگست2019کو جو اقدام اٹھایا وہ انسانی حقوق کے علمبرداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔مقبوضہ کشمیر میں نہتی کشمیری ماؤں کی آوازیں بھی دنیا کا ضمیر نہیں جگا سکیں۔ ہندوستان کے باشعور لوگوں سے بھی کہتے ہیں کہ وہ جاہل قیادت سے اپنی جان چھڑائیں۔ ہندوستان میں رہنے والے مسلمانوں، بنگلا دیش اور افغانستان کے عوام کو بھی ہندوستان کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔ ہندوستان کوئی قانون نہیں مانتاوہ طاقت کے زور پر کشمیریوں سے انکا حق چھیننا چاہتا ہے۔ کشمیری عوام قربانیاں دے کر اقوام عالم، اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کے ضمیر کو جنجھوڑ رہے ہیں۔ مودی کے ہاتھوں پر لاکھوں بے گناہو ں کاخون ہے۔ ہندوستان نے اگر اپنا شیوہ تبدیل نہ کیا تودنیا ہندوستان کے کئی ٹکڑے ہوتے دیکھے گی۔ان خیالات اظہار انہوں نے منگل کے روز ایوان وزیراعظم میں سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق، حریت رہنما مشتاق الاسلام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر سیاحت سردار فہیم اخترربانی،وزیر شہری دفاع و ایس ڈی ایم اے چوہدری محمد اکبر ابراہیم، معاون خصوصی برائے اطلاعات چوہدری محمد رفیق نیئر، پارلیمانی سیکرٹری عاصم شریف بٹ،ممبر اسمبلی دیوان غلام محی الدین، حریت رہنما عزیز غزالی ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق نے کہاکہ قانون ساز اسمبلی آزادجموں وکشمیر مقبوضہ جموں وکشمیر کے حریت پسند عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہندوستان کی سب سے بڑی بدقسمتی ہے کہ یاسین ملک کے حوالہ سے فیصلہ ابھی آیا نہیں اور پوری دنیا کو پتا ہے کہ کیا فیصلہ آنا ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ یاسین ملک مقبوضہ جموں وکشمیر میں تحریک آزادی کے انتہائی اہم رہنما ہیں۔ یاسین ملک کئی سالوں سے فالج کے مرض میں مبتلا ہیں، ہندوستان نے انکو عقوبت خانوں میں رکھ پر تشدد کیا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور آزادکشمیر کی جملہ قیادت اور عوام ایک ہیں۔ جس دن ہم نے تہیہ کر لیا تو پوری قوم فوج سے آگے ایل او سی پار کریگی۔ تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنی جانیں جان آفریں کے سپرد کرکے شہادت قبول کرنے والے کشمیری مجاہدین کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عمران خان کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے کشمیر کے معاملے دوٹوک بات کی اور ہندوستان کے ساتھ اس وقت تک کسی بھی تجارت یا بات چیت سے انکار کیا جب تک کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی پانچ اگست2019سے پہلے والی پوزیشن بحال نہ کر دے۔ عمران خان کے کشمیر پر موقف میں کبھی لچک نہیں آئی۔ عمران خان نے ناموس رسالت ؐ کے حوالہ سے بھی جو کام کیا وہ بھی تاریخ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں صحت کی سہولیات کا شدید فقدان ہے جس کا اقوام متحدہ، دیگر عالمی اداروں اور اقوام عالم کو نوٹس لینا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اقلیتیں مکمل آزاد اور اپنے مذاہب کے مطابق زندگیاں گزار رہے ہیں جبکہ اس کے برعکس ہندوستان میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتیں ہندو بنیے کے تعصب کا شکار ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہندوستانی میڈیا نے پروپیگنڈا کیا کہ آزادکشمیر کے وزیراعظم کو شہادت کا شوق ہے تو ایل اوسی پر آئے میں دوسرے دن عید کے موقع پر ایل او سی پر تھا، عید ایل او سی پر پاک فوج کے جوانوں اور مہاجرین کے ساتھ منائی۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ ہندوستا ن نے خودکشمیروں کے ساتھ کمٹمنٹ کی تھی کہ انکا حق انہیں دے گا۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو انکے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے حق حق خودارادیت کیلئے جو کہ اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ ہے جدوجہد کررہے ہیں۔ہندوستان دنیا کے امن کو داؤ پر لگا رہا ہے۔ حریت رہنما مشتاق الاسلام نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی بھرپور ترجمانی کرنے پر وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کا شکرگزار ہوں۔سردار تنویر الیاس خان مقبوضہ جموں وکشمیر اور آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم ہیں، مقبوضہ جموں وکشمیر کی حریت قیادت اور عوام کی نمائندگی حکومت آزادکشمیر کررہی ہے۔ یاسین ملک کے جسم کا ایک ایک حصہ زخمی ہے۔ انتہا پسند مودی سرکاراین آئی اے کے ذریعے19مئی کو یاسین ملک کو سزا دینے جارہی ہے۔ یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے۔ ہندوستان کو حریت قائدین کو بوگس مقدمات کے ذریعے سزا دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر اہم اور نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام نے قربانیاں دیکر دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستانی حکومت حلقہ بندیوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ 19مئی کو ہر فرد باہر نکلے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close