صدر آزاد کشمیر کی متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے آمد، شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی وفات پر تعزیت کا اظہار

مظفرآباد (پی این آئی) صدر آزاد ریاست جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کہ وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کیلئے اسلام آباد میں یو اے ای کےسفارتخانے پہنچ گئےمرحوم شیخ َخلیفہ بن زیدالنہیان کو امت مسلمہ کا عظیم لیڈر قرار دیتے ہوئے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی وفات پر پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی سے اظہار تعزیت کیا۔

اس موقع پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان مرحوم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی وفات ہم سب کے لئے ایک بڑا صدمہ ہے۔ وہ پاکستان کے پرانے دوست تھے اور ہر مسئلہ پر وہ ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔ وہ صرف متحدہ عرب امارات کے نہیں بلکہ اُمہ کے بھی لیڈر تھے۔ میں پوری پاکستانی عوام بالخصوص کشمیری عوام کی طرف سے اظہار تعزیت کرتا ہوں، دکھ کی اس گھڑی میں ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اُن کے درجات بلند فرمائے۔ اس موقع پر پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان مرحوم کا آزادکشمیر سے بھی بڑا گہرا تعلق تھا اور انہوں نے مظفرآباد میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے ایک ہسپتال بھی تعمیر کرایا تھا ہم اُن کے مشن کو جاری رکھیں گے اور اس سلسلے میں مزید تعاون بھی کریں گے۔ اس سے قبل جب صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری متحدہ عرب امارات کے اسلام آباد میں سفارتخانے پہنچے تو پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی نے اُن کا استقبال کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close