مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرسردار تنویرالیاس خان نے کہا ہے کہ آمدہ بجٹ میں عوامی فلاحی منصوبوں پر خصوصی فوکس کیا جائے گا۔ ایسے منصوبہ جات بجٹ میں شامل کریں گے جن سے ریاست کے اندر روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور عوام کی زندگی میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکے۔ تمام محکمہ جات اپنی اپنی بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دینے کے لیے محکمہ مالیات اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے ساتھ مشاورت کو یقینی بنائیں۔ ترقیاتی فنڈز کا بروقت تصرف یقینی بنایا جائے۔
موجودہ بجٹ میں ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کو مد نظر رکھ کر مختلف سیکٹرز کو ترقیاتی فنڈز دیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات میں آمدہ بجٹ کے بجٹ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزراء کرام، معاونین خصوصی، مشیران، پارلیمانی سیکرٹریز، سیکرٹریز حکومت اور سربراہان محکمہ جات نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ عبدالماجد خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ نے وزیرا عظم کو آمدہ بجٹ کی تیاری کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بجٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے تمام محکمہ جات بھرپور تیاری کریں اور محکمہ مالیات اور منصوبہ بندی سے کوآرڈینیشن کرتے ہوئے بجٹ کو حتمی شکل دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت رواں سال بجٹ میں عوامی ضرورت کے منصوبوں کو شامل کرے گی اور ریاست میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال کے اختتام تک ترقیاتی فنڈز کا تصرف یقینی بنایا جائے تاکہ فنڈز لیپس نہ ہوں۔ وزراء کرام اور سیکرٹریز حکومت منصوبہ جات کی بروقت اور موثر مانیٹرنگ کریں تاکہ ترقیاتی فنڈز کا شفاف انداز میں تصر ف یقینی بنایا جا سکے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں