راولاکوٹ، پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ملازمین نے اپنے مطالبات تنخواہوں کے مستقل حل، پنشن ادائیگی کے لیے دوبارہ احتجاج شروع کر دیا

راولاکوٹ (پی این آئی) پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی راولاکوٹ کے ملازمین نے اپنے مطالبات تنخواہوں کے مستقل حل اور پنشن کی ادائیگی کے لیے دوبارہ احتجاج کا آغاز کر دیا۔ پی ڈی اے کے دفتر کی تالہ بندی کرتے ہوئے ملازمین نے اپنے دفتر کے سامنے احتجاجی کیمپ لگا دیا۔ پرل ڈیولپمنٹ اتھارٹی راولاکوٹ کے ملازمین نے نومبر 2021 میں ادارہ کے ملازمین کی تنخواہوں کے مستقل حل اور ادائیگی کے لیے احتجاج کا آغاز کیا۔

وزیراعظم وقت نے ادارہ کے ملازمین کے مطالبات کو درست تسلیم کرتے ہوئے انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی جس پر ملازمین کا احتجاج مؤخر کر دیا گیا۔لیکن چھ ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود اس کے لئے کوئی واضح پیش رفت نہیں ہو سکی۔ملازمین کی تین ماہ کی رکی ہوئی تنخواہوں کے لیے عارضی انتظام کے تحت محکمہ مالیات سے قرض کی صورت میں ایک رقم دی گئی مگر اس کی وجہ سے آئندہ کے لئے مزید ڈیڈلاک پیدا ہوگیا ہے۔ پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی راولاکوٹ کے ملازمین کا کہنا تھا کہ ان کے جائز مطالبات پر فوری عملدرآمد کیا جائے،

انہوں نے میڈیا نمائندگان کے سامنے اپنے مطالبات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کو تنخواہوں کے برابر گرانٹ ان ایڈ دی جائے، ادارہ کو قرض کی شکل میں دی جانے والی 35 ملین کی رقم کو سپلیمنٹری گرانٹ میں تبدیل کرنے، ریٹائرڈ، فوت شدہ ملازمین کے ورثاء کا کوٹہ متعین کرنے، ملازمین کے لیے پنشن کا نظام، لیو ان کیش منٹ اور کمیوٹیشن کا بندوبست، نیز ادارہ کے ملازمین کی ترقی یابیوں کے لیے میکنزم بنایا جائے، ملازمین نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ سے قبل اس کا فیصلہ کر کے بجٹ کا حصہ بنایا جائے۔

اگر ایسا نہیں ہوتا تو ملازمین مستقل تالہ بند ہڑتال جاری رکھیں گے۔موجودہ وزیر اعظم نے اپنا آفس سنبھالتے ہی آزاد کشمیر کے بڑے شہروں کے مسائل کے حل کی طرف پیش رفت کی ہے۔اس طرح امید ہے کہ راولاکوٹ شہر کیلئے پی ڈی اے کو مزید ذمہ داریاں دی جائیں گی یہ اس لیے بھی ضروری ہے کہ پی ڈی اے کے ملازمین کے مسائل حل کیے جاسکیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close