راولاکوٹ میں جرنلسٹس کالونی کے لئے زمین مہیا کرکےصحافیوں کو درپیش مسائل حل کیے جائیں گے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی سینٹرل یونین آف جرنلسٹس ضلع پونچھ کے صدر سے گفتگو

اسلام آباد(پی آئی ڈی ) وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویرالیاس خان نے کہا ہے کہ میڈیا نے اس خطے کی تعمیر و ترقی، گڈ گورننس، میرٹ کے قیام سمیت تحریک آزادی کشمیر کے لیے بہترین کام کیا۔ پونچھ ڈویژن کے صدر مقام راولاکوٹ میں جرنلسٹس کالونی کے لئے زمین مہیا کرتے ہوئے حکومت صحافیوں کو درپیش اہم مسائل حل کرے گی۔

پونچھ ڈویژن کے سیاحتی اور تفریحی مقامات میں آنے والے سیاحوں کو مکمل سہولیات دینے سمیت تمام اہم شاہراہوں پر ان مقامات کے سائن بورڈز کی تنصیب کرانے سمیت خطرناک مقامات پر حفاظتی دیواریں لگوائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں وزیراعظم ہاؤس میں سینٹرل یونین آف جرنلسٹس ضلع پونچھ کے صدر سید مسعود گردیزی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سی یو جے کے صدر نے وزیراعظم کو راولاکوٹ میں جرنلسٹ کالونی سمیت پریس فاؤنڈیشن کو مزید فعال اور موثر بنانے کی طرف توجہ دلائی جس سے وزیراعظم نے اتفاق کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور انہیں دستیاب وسائل کے مطابق حل کیا جائے گا۔ راولاکوٹ میں جرنلسٹ کالونی کے لئے جگہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور پریس فاؤنڈیشن کو بھی مزید فعال اور موثر بنائیں گے تاکہ پریس فاؤنڈیشن عملاً اپنا کام کر سکے جس کے ثمرات تمام عامل تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحافت ریاست کا اہم ستون ہے آزاد کشمیر کے صحافی نامساعد حالات میں قلمی مجاہد کا کردار ادا کر رہے ہیں تحریک آزادی کشمیر میں بھی ان کا کردار مسلمہ ہے صحافیوں کی تعمیری اور مثبت تنقید سے خامیوں کی نشاندھی ہوتی ہے کیونکہ یہ معاشرے کی آنکھ کا کردار ادا کرتے ہیں غیر جانبدارانہ اور حقائق پر مبنی خبریت کے کردار سے ملک و ملت اور ریاستی اداروں کی بہتری اور وقار میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس موقع پر سید مسعود گردیزی نے سردار تنویرالیاس خان کو وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے صحافی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو میڈیا ٹیم میں شامل کرنے اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دھانی پر شکریہ ادا کیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close