وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سےسابق چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب، شکیل قادر خان نے لوگوں کے دل جیتنے کی کوشش کی، وزیر اعظم کا خراج تحسین

اسلام آباد( پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی جانب سے آزاد کشمیرکے سابق چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد، تقریب میں وزرائحکومت اور بیوروکریسی کے اعلی آفیسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں شکیل قادر خان کی سروس کے دوران ان کے ساتھ قریبی تعلق رہا۔

آزادکشمیر حساس علاقہ ہے جہاں لوگوں کے دل جیتنا مشکل ہیں،چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے اپنی کارکردگی سے سب کے دل جیتے، شکیل قادر خان نے مشکلات کھڑی کرنے کے بجائے کام کرنے کو ترجیح دی، نئے آنے والے چیف سیکرٹری کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، گڈ گورننس کے قیام اور وفاقی حکومت کے ساتھ آزاد کشمیر کی حکومت و عوام کے نظریاتی، فکری تعلقات کو مستحکم رکھنے میں لینٹ آفیسران کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ آزا دکشمیر میں وفاق کی طرف سے تعینات کیے جانے والے آفیسران اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں کا عملی استعمال کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آزاد کشمیر میں تعلیمی اور سیاسی شعور پاکستان کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں بہتر ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان کے ساتھ نہ صرف نظریاتی بلکہ مذہبی اور جذباتی تعلق کے حامل ہیں۔ ریاستی عوام پاکستان کو اپنی منزل سمجھتے ہیں۔ سابق چیف سیکرٹری نے اپنی بہترین انتظامی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں تعمیر وترقی اور گڈ گورننس کے لیے کام کیا، نئے چیف سیکرٹری کے لیے بھی مثبت طرز عمل اور بہترین صلاحیتوں کے عملی اظہار کے مواقع موجود ہیں،

آزاد کشمیر کا خطہ سیاحت اور ہائیڈرل سمیت کئی دیگر شعبوں میں ترقی کے حوالے سے بہترین پوٹینشل کا حامل ہے، توقع رکھنی چاہیے کہ نئے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر میں نظریاتی اور فکری تعلق کو مضبوط کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں گے، ہماری حکومت ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ اس موقع پر انہوں نے سابق چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کے آزاد کشمیر میں عرصہ تعیناتی اور ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تقریب سے وزیر خزانہ عبدالماجد خان، سابق چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی اور دیگر آفیسران نے بھی خطاب کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close