آزادکشمیر اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین وچیف جسٹس آزاد کشمیر راجہ سعید اکرم خان کی زیر صدارت اجلاس، فرقہ ورانہ ہم آہنگی کے فروغ، قوانین کو اسلامی سانچے میں ڈھالنےمیں مختلف مسالک کے علماءکے کردار کی تعریف

مظفرآباد (پی این آئی) آزادجموں وکشمیر اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین وچیف جسٹس آزاد کشمیر سپریم جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے آزادکشمیر میں فرقہ ورانہ ہم آہنگی کے فروغ قوانین کو اسلامی سانچے میں ڈھالنے کے سلسلہ میں مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء اور اسلامی نظریاتی کونسل کے کردار کو سراہا ہے آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ کی عمارت کے کانفرنس ہال میں کی میں منعقدہ اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل جسٹس راجہ سعید اکرم نے کونسل کی تشکیل نو کے بعد پہلے اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل کے نئے ممبران کو مبارکباد دی ۔

اسلامی نظر یاتی کونسل کے پہلے تعارفی اجلاس میں شریک تمام اراکین نے آزادکشمیر میں مذہبی بھائی چارے اور بین المسالک ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے کونسل کے انتظامی ڈھانچے اور مسائل کے بارے میں ملٹی میڈیا پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل کے قیام سے لیکر اب تک کی کارکردگی پر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل اورتمام نئے اراکین کونسل کو بریف کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس و چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل جسٹس راجہ سعید اکرم خان تمام نئے ممبران اسلامی نظریاتی کونسل سے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ اسلامی اقدار ,بین المسالک ہم آہنگی اور راواداری کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں بین المسالک ہم آہنگی میں اسلامی نظریاتی کونسل کا اہم کردار ہے۔یہ ملک اسلام کے نام پر بناہے، اسلامی نظریاتی کونسل کو اعزاز حاصل ہے کہ جس مقصد کے لیے یہ ادارہ قائم کیا وہ پورا ہو رہا ہے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہاکہ اس وقت سب سے بڑی ضرورت اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کی ہے۔ مسلمانوں کو جہاں بھی نقصان ہوا اتحاد ویکجہتی نہ ہونے کی وجہ سے ہوا۔ انہوں نے کہاکہ میری کوشش تھی کہ کونسل کے اجلاس قواعد کے تحت تواتر کے ساتھ منعقد ہوں مگر COVID -19 جیسی عالمی موذی وباء کے پیش نظر لاک ڈاؤن کے نفاذ کےباعث اجلاس منعقد کرنا ممکن نہ تھا۔

انھوں نے امید ظاہرکی کہ ممبران کونسل نہ صر ف قوانین، ریفرنسز اور دیگر امور میں حکومتی راہنمائی کے لیے قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں بروقت سفارشات مرتب کرنے میں محنت اور علمی تحقیق کے ذریعہ اپنی صلاحیتوں سے نوازیں گے بلکہ کونسل کو فعال اور باوقار بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ اجلاس میں مقبوضہ جموں وکشمیرکی تازہ صورتحال، آزادجموں وکشمیر میں اتحاد و اتفاق کے فروغ اور معاشرتی اصلاح اور سابق چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس عبدالمجید ملک کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالہ سے قراردادیں بھی پیش کی گئیں۔ اجلاس کے شرکاء نے قراردادوں سے اتفاق کرتے ہوئے انھیں متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close