مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی ظلم و بربریت اجاگر کرنے کے لیے جلد انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس بلائیں گے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ترجمان ڈاکٹر عرفان اشرف کی عزیز غزالی کے ہمراہ پریس کانفرنس

مظفرآباد ( پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادکشمیر کے ترجمان ڈاکٹر عرفان اشرف نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر بیس کیمپ کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوستانی ظلم و بربریت اجاگر کرنے کے لیے جلد انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس بلائیں گے۔ سردار تنویر الیاس خان نے وزارت عظمی کاحلف اٹھانے کے دو دن میں ہی ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کی مقبوضہ کشمیر آمد پر احتجاج کی کال دی اور لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف یوم سیاہ منایا گیا۔

مودی کی مقبوضہ کشمیر آمد پر وزیراعظم کی ہدایت پر ریاست بھر میں احتجاج کیا گیا۔ وزیراعظم نے خود ہندوستانی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی اور دنیا کو پیغام دیا کہ مودی مقبوضہ جموں وکشمیر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کر کے دورہ تو کر سکتا ہے لیکن اس کی کشمیر یوں کے لیے کوئی اہمیت نہ ہے۔ وزیر اعظم نے عید مہاجرین کے ساتھ گزاری، ان کے مسائل سنے اور ایل او سی کا دورہ کر کے افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کے عوام کا حوصلہ بڑھایا اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔ مودی نے جب جرمنی کا دورہ کیا تو جہاں اس کو سلامی دی جا رہی تھی اس کے باہر کشمیر ی احتجاج کر رہے تھے۔

وزیرا عظم سردار تنویر الیاس خان نے خود جرمنی میں کشمیر ی کمیونٹی کو متحرک کیا۔ کشمیر یوں کے احتجاج کو بین الاقوامی میڈیا نے بھی کوریج دی۔افواج پاکستان کے ساتھ عید منانے کا مقصد ایل او سی پر بہاد ر مسلح افواج کو یہ پیغام دیناتھاکہ کشمیری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ افواج پاکستا ن نہ صرف آزادکشمیر کے تحفظ کی ضامن ہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کی آزادی کی بھی امید ہیں۔ پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈے سے جہاں ریاست پاکستان کمزور ہوگی وہی سب سے زیادہ کشمیریوں کا بھی نقصان ہوگا۔ فوج ایک منظم ادارہ ہے اور آرمی چیف کا فیصلہ ہی سب کا فیصلہ ہوتا ہے۔ افواج پاکستان دنیا کی بہترین فوج ہے۔ تیتری نوٹ سیکٹر پر مقبوضہ کشمیر سے بہہ کر ا ٓنے والی بچے کی نعش کو مقبوضہ کشمیر میں اسکے لواحقین کے سپرد کرنے کے حوالہ سے وزیراعظم آزادکشمیر نے بروقت نوٹس لیتے ہوئے افواج پاکستان سے درخواست کی، اور گزشتہ رات بچے کی نعش انسانی ہمدردی کے تحت مقبوضہ کشمیر کی انتظامیہ کو دینے کی کوشش کی جسے انہوں نے وصول نہیں کیا جبکہ آج دن گیارہ بجے مقبوضہ انتظامیہ کے سپر د کر دیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی انتظامیہ نے رات کو بچے کی نعش وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پی آئی ڈی میڈیا ہال میں حریت رہنما عزیر غزالی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر اطلاعات امجد حسین منہاس اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد بشیر مرزا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر عرفان اشرف نے کہا کہ وزیر اعظم نے حادثات سے بچاو کے لیے شاہرات پر روڈ سیفتی نصب کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ تمام بڑی شاہرات کی بہتری کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ سیاحت کو فروغ ملے۔ اس کے ساتھ ساتھ بلڈنگ کوڈز پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے شر سے کوئی محفوظ نہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی سفاکیت کو اجاگر کرنے کے لیے انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس بلائیں گے جس میں کوئی بھی میڈیا پرسن اپنا ریسرچ پیپر پیش کر سکتا ہے۔ کانفرنس میں حریت قیادت سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نئی حلقہ بندیوں کے معاملے پر حکومت آزادکشمیر کے احتجاج کو انٹرنیشنل میڈیا نے بھی کوریج دی۔ مقبوضہ کشمیر میں نئی حلقہ بندیوں کے پیچھے ہندوستان کا بھیانک منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر کی جانب سے ہر پندرہ دن اور حکومتی اقدامات بارے میڈیا کو بریفنگ دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت میں کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں، وزراء کے محکمہ جات کے نوٹیفکیشن جلد جار ی ہو ں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے حکومت آزادکشمیر کے فنڈز نہیں روکے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے ہر فرد پر لازم ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی ظلم و بربریت کے خلاف آواز اٹھائے۔ آزادکشمیر کے عوام اور حکومت نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے آواز اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ حریت قیادت اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close