مقامی مسائل کے حل کیلئے بلدیاتی اداروں کو بااختیار، باوسائل بنایا جائے گا، لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے حوالے سے اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کی گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق ہر صورت منعقد ہوں گے اور آئندہ مقامی مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی اداروں کو بااختیار اور باوسائل بنایا جائے گا۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے مربوط منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ اموات و پیدائش کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر کے شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں 2 ارب 80 کروڑ روپے مختص بجٹ کے خلاف مادی و مالی اہداف کا جائزہ لیا گیا۔ آزادکشمیر کے 33 اور مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 انتخابی حلقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔کچھ ممبران اسمبلی کی جانب سے ان کے حلقوں کی ترقیاتی سکیمیں بروقت موصول نہ ہونے کی وجہ سے فنڈز کا اجراء زیر التواء ہونا پایا گیا جس پر وزیراعظم نے متعلقہ ممبران اسمبلی کے ساتھ فوری رابطے کر کے بروقت ترقیاتی سکیمیں حاصل کرنے اور مالی سال کے اختتام سے پہلے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ترقیاتی فنڈز کا اصراف یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے،ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے عملی اقدام اور عوام کی بنیادی ضروریات و مسائل کے حل کے لیے محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کی افادیت و فعالیت یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے بڑے شہروں میں صفائی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے۔

کسی بھی شہر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ موجود نہیں اس حوالے سے محکمہ کے ذمہ داران اولین فرصت میں منصوبہ بندی کریں اور کوڑا کرکٹ ری سائیکل کر کے اسے ٹھکانے لگانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ دارالحکومت مظفرآباد کو صاف ستھرا اور دارالحکومت کے شایان شان شہر ہونا چاہیے۔ گلی کوچوں میں گندگی اور کوڑا کرکٹ کی صفائی کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے اور متعلقہ عملہ کو ہمہ وقت جملہ ضروریات اور سامان کے ساتھ فعال کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مہاجرین ہمارے جسم کا حصہ ہیں ان کے معاملات و مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، انہوں نے کہا کہ اموات و پیدائش کے سرٹیفکیٹ کمپیوٹرائزڈ کر کے شہریوں کو اجراء کیے جائیں اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جب سے کمپیوٹرائزڈ پیدائش اور اموات کے سرٹیفکیٹس جاری ہونا شروع ہوئے ہیں شکایات کم ہوئی ہیں اور ریکارڈ شفاف ہو رہا ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران 68 ہزار سرٹیفکیٹس جاری ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر یونین کونسل کی سطح پر دفتر قائم ہونا چاہیے جہاں جملہ سہولیات اور ضروریات کی دستیابی یقینی بنائی جائے، اگر ممکن ہو تو یونین کونسل کے دفاتر کو کشمیر کے تعمیراتی ڈیزائن کے مطابق ڈھاک بنگلہ طرز پر بنایا جائے۔ مقامی سطح پر کشمیری ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے تعمیرات کو ثقافتی عکس کا مظہر ہونا چاہیے۔ وزیراعظم نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ذمہ داران کو احکامات جاری کیے کہ نان پی سیI- منصوبہ جات فی الفور مکمل کیے جائیں اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

مالی سال کے اختتام سے قبل طے شدہ اہداف مکمل ہونے چاہئیں۔ وزیراعظم نے واضح کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے زیر اہتمام جاری ترقیاتی منصوبہ جات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تصریحات سے ہٹ کر ہونے والے کاموں کی ادائیگی نہیں ہو گی۔ آئندہ کوشش کی جائے کہ پی سیI- منصوبہ جات اور نان پی سیI- منصوبہ جات پر عملدرآمد میں حائل فائل ورک کے عمل کی سست رفتاری کو تیز کیا جائے۔ پہلے ہی بہت سا وقت ضائع ہو چکا ہے اب ہمارے پاس بہت کم وقت ہے۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی عوام کے بنیادی مسائل کے حل اور ضروریات کی فراہمی کے معاملے میں کلیدی حیثیت کا حامل ہے جس کا براہ راست تعلق عام آدمی کے ساتھ ہے، اس تعلق کو مزید مضبوط بنانے اور عوام کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے، تحریک انصاف کی موجودہ حکومت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے لیے سنجیدہ ہے اور ہماری کوشش و خواہش ہے کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے ترقیاتی فنڈز بلدیاتی اداروں کے ذریعے خرچ کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات تحریک انصاف کے انتخابی منشور کا حصہ تھے اور سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے بھی واضح احکامات جاری کر رکھے ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ سپریم کورٹ کی مقرر کردہ میعاد کے اندر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے جملہ آفیسران و متعلقین نے شرکت کی۔ اجلاس میں سینئر پارلیمنٹرین خواجہ فاروق احمد،پر نسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اعجاز احمد،ڈی جی شبیر احمد،اسلم اعوان،محمد مسعود،بابر منہاس،راجہ زوالقرنین،خواجہ مقصود و دیگرشریک تھے۔\۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں