مکڑا پہاڑ پر فیسٹیول کے انعقاد کااعلان، کے پی کے اور آزاد کشمیر کی ثقافت کواجاگر کیا جائے گا، وزیر حکومت عبدالماجد خان کا کشمیر ٹورازم فیسٹیول سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد کشمیر کے وزیر حکومت عبدالماجد خان نے کہا ہے کہ سیاحت کی شعبہ میں ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویرالیاس خا ن نے پہلے دن سے سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔ جلد ہی مکڑا پہاڑ پر ایک فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے جہاں کے پی کے اور آزاد کشمیر کی ثقافت کواجاگر کیا جائے گا۔

پہاڑوں کی چوٹیوں پر ایسے ایونٹس کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں جس سے علاقائی روایات کو بین الاقوامی طور اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔ کشمیرٹورازم فیسٹیول میں پوری دنیا سے آئے ہوئے مہمان اور لوکل کمیونٹی کی کثیر تعداد دیکھ کریہ ثابت ہو گیا کہ آزاد کشمیر دنیا کے کسی بھی ترقی یافتہ ملک سے کم نہیں ہے اور یہاں ہر قسم کا پوٹینشل موجود ہے۔ بین الاقوامی پیرا گلائیڈرز نے بتایا ہے کہ پیرا گلائیڈنگ کے لیے دنیا میں ساتویں نمبر پر ہماری یہ جگہ ائیرپورٹ مظفرآباد آتی ہے۔یہ ہم سب کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔ان خیالات کااظہار وزیر حکومت عبدالماجد خان نے کشمیر ٹورازم فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی کیا۔ تقریب میں سیکرٹری سیاحت منصور قادر ڈار، کمشنر مظفرآباد ڈویژن، ڈی جی سیاحت، ڈپٹی کمشنر، پولیس کے اعلی آفیسران، سول سوسائٹی کے علاوہ بیرون آزادکشمیر سے آئے ہوئے سیاح کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔وزیر حکومت عبدالماجد خان نے کہا کہ کمشنر مظفرآباد کی سربراہی میں جس طرح انتظامیہ نے کام کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔

انتظامیہ سیاحوں کی انٹری سے باخبر ہے اور ٹریفک کے لحاظ سے کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔ سیاحوں کے لیے بہترین حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ انہوں نے آزادکشمیر کے محکمہ اطلاعات، محکمہ سیاحت وآثارقدیمہ،محکمہ سپورٹس، محکمہ سوشل ویلفیئرودیگر محکمہ جات کے کام کو بھی سراہا جنہوں نے اس فیسٹیول کو کامیاب کرنے میں بہترین کردار ادا کیا۔وزیر حکومت نے کہا کہ اس وقت باغ، راولاکوٹ، نیلم ویلی اور جہلم ویلی سمیت آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں بڑی تعداد میں سیاح موجود ہیں اور آزادکشمیر کے خوبصورت نظاروں کا لطف لے رہے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔ سیکرٹری سپورٹس منصور قادر ڈار نے مہمان خصوصی وزیر حکومت عبدالماجد خان و دیگر تمام زعماء اور محکمہ جات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ آپ نے کامیاب کیا ہے اور میڈیا کے توسط سے اس وقت یہ ایونٹ بیرونی ممالک میں براہ راست دکھایا جا رہا ہے۔آخرمیں مہمان خصوصی وزیر حکومت عبدالماجد خان نے کھیلوں میں نمایاں پوزیشن پر آنے والوں کے علاوہ محکمہ جات کے نمائندگان میں شیلڈزتقسیم کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں