مہاجرین جموں و کشمیر کے مسائل ترجیحی بنادوں پر حل کرائیں گے، صدر آزاد کشمیر کا سیالکوٹ کے نواح میں رکن آباد کے مقام پر افطار ڈنر سے خطاب

سیالکوٹ ( پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مہاجرین جموں و کشمیر کے مسائل ترجیحی بنادوں پر حل کرائیں گے ۔سیالکوٹ، ڈسکہ و دیگر علاقوں میں جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں سے قربانیاں دے کر یہاں ہجرت کر کے آئے تھے۔ لہذا اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے مسائل حل کریں میرا مہاجرین جموں و کشمیر سے 35 سال پرانا تعلق ہے۔ چوہدری مقبول گجر کے والد حاجی فیروز دین (مرحوم) اور میرے والد چوہدری نور حسین کے پرانے اور دیرینہ تعلقات تھے،

انہوں نے اچھے طریقے سے مل کر سیاست کی، اچھے لوگ ہمیشہ تعلق نبھاتے ہیں۔ میں اور چوہدری مقبول گجر بھی اسی تعلق کو نبھا رہے ہیں۔ جس طرح حاجی فیروز دین نے اپنے علاقے کے لوگوں کے لیے سیاسی و سماجی خدمات سرانجام دی ہیں اسی طرح چوہدری مقبول بھی عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں سیالکوٹ کے نواح میں رکن آباد کے مقام پر وزیر حکومت چوہدری مقبول گجر کے والد گرامی (مرحوم) کی 25ویں برسی کی تقریب کے موقع پر افطار ڈنر سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر تقریب سے وزیر حکومت چوہدری مقبول گجر، سابق وزیر حافظ حامد رضا، سابق وفاقی وزیر علی اسجد ملی، سابق ایم پی اے منور گِل، سابق وائس چیئرمین رانا اعجاز، سابق ناظم عبدالمجید، قاضی اکرام، چوہدری مصطفی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں چوہدری مقبول گجر اور حافظ حامد رضا کو یقین دلاتا ہوں کہ میری حکومت یہاں پر آباد مہاجرین جموں و کشمیر کے مسائل حل کرانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھے گی۔

پاکستان میں جلد انتخابات ہونے والے ہیں اور میں خود بھی پارٹی ممبران کو لے کر ہر فورم پر جاؤں گا۔ مہاجرین جموں وکشمیر نے جموں میں قربانیاں دے کر یہاں ہجرت کی تھی اور یہاں سیالکوٹ اور ڈسکہ میں آباد ہوئے ہم ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close