آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کی نئی کمپنی زیادہ دیر نہیں چل سکتی، فیصل ممتاز راٹھور کا سینئر صحافیوں کے افطار ڈنر سے خطاب

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل وممبر قانون ساز اسمبلی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہاہے کہ آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کی نئی کمپنی زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی، وزارت عظمی کو بے توقیر کر دیا گیا۔عمران خان نے ایک کاروباری شخص سے اربوں روپے لیکر آزادحکومت فروخت کی ۔آزادکشمیر کے لوگوں کیساتھ یہ کھنائونامذاق کیا گیا۔کرپٹ ٹولے سے عوام کو جلد نجات دلادینگے۔پیپلزپارٹی لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔بلاول بھٹو کا وزیرخارجہ بننا پاکستان کیلئے نیک شگون ہے۔

بھٹو اور بینظیر کا چہرہ اب دنیا میں پاکستان کے امیج کو بحال کرے گا۔آصف زرداری کی کمال حکمت عملی اور سیاسی بصیرت نے پاکستان کو تباہ سے بچا لیا ہے۔عمران خان کی زد اور ہٹ دھرمی ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔پاکستان کا مستقبل پیپلزپارٹی اور بھٹو خاندان کے ساتھ وابستہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز اپنی طرف سے سنیئر صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا

اس موقع پر مرکزی سئنیر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر و ایم ایل اے میاں عبدالوحید، سیکرٹری اطلاعات و ایم ایل اے سردار جاوید ایوب، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل و ایم ایل اے جاوید اقبال بڈھانوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل و ایم ایل اے چوہدری قاسم مجید، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سید عزادار حسین کاظمی، ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر پنجاب زون چوہدری فخرالزمان، مرکزی چیف آرگنائزر پیپلز یوتھ آرگنائزیشن آزادکشمیر انیس اعوان، ڈائریکٹر نوبل انٹرنیشنل رئیل اسٹیٹ وقار حسین، ظفر سعید اور دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر آزادکشمیر اور پاکستان کی سیاسی صورتحال،آزادکشمیر میں حکومت کی تبدیلی اور تنویر الیاس حکومت کے مسقتبل اور اپوزیشن کی آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔فیصل راٹھو ر نے اس تاثر کی سختی سے نفی کی ہے کہ تنویر الیاس کو وزیراعظم بنوانے میں پس پردہ پیپلزپارٹی یا زرداری ہائوس نے کوئی کردار ادا کیا۔یہ پی ٹی آئی والوں کی آپس کی لڑائی تھی،عمران خان نے ایک کاروباری شخص سے پیسے لیکر آزادکشمیر کی حکومت فروخت کی ۔تاریخ کا یہ پہلا موقع ہے کہ کسی جماعت نے اپنے ہی وزیراعظم کیخلا ف سنگین الزامات لگا کر تحریک عدم اعتماد پیش کی ہو ۔قیوم نیازی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے دوران جو کچھ ہوا اس سے دنیا بھر میں کشمیریوں کی بدنامی ہوئی ہے۔

گنڈا پور نے جس طرح اپنے ہی ممبران اسمبلی کی بولیاں لگائیں وہ بھی تاریخ کا ایک حصہ بن چکا ہے۔انھوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کی نئی کمپنی بھی زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی ۔پی ٹی آئی نہ کوئی نظریاتی جماعت ہے اور نہ ہی اس کا سیاست سے کوئی تعلق ہے۔ایک لمیٹڈ کمپنی ہے۔جس کے شیئر ہر چندماہ بعد فروخت کیلئے پیش کیے جاتے ہیں۔جہانگیر ترین ، علیم خان کے بعد اب تنویرالیاس کی اے ٹی ایم مشین استعمال ہو گئی اور پھر پھینک دی جائے گی۔انھوں نے کہاکہ اپوزیشن نے سیاسی صورتحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے۔عوام کو جلد خوشخبری دینگے۔انھوں نے کہاکہ بلاول بھٹو کا وزیرخارجہ بننا پاکستان کیلئے نیک شکون ہے۔بلاول بینظیر کو چہرہ ہے جو دنیا میں پاکستان کا امیج بحال کرے گی۔

انھوں نے کہاکہ اب ماننا پڑیگا کہ پاکستان میں سیاست کا استاد آصف علی زرداری ہے۔آصف زرداری کی کمال حکمت عملی اور بصیر ت کی وجہ سے عمران خان ٹولے سے ملک کی جان چھوٹ گئی ہے۔پونے چار سالوں میں عمران ٹولے نے پاکستان کو جتنا نقصان پہنچایا ، اتنا کوئی دشمن ملک بھی نہیں پہنچا سکتا ۔اس شخص کی زد اور ہٹ دھرمی نے ملک کوتباہی کے دھانے پر لاکھڑ ا کیا۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ آزادکشمیر کی اپوزیشن متحد ہے ۔ پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ ہمارے رابطے میں ہیں ،جلد اچھی خبریں سامنے آئیں گے ۔عوام تھوڑا انتظار کریں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close