مظفرآباد(پی آئی ڈی) نومنتخب کابینہ کا ایوان وزیراعظم میں طویل غیر رسمی مشاورتی اجلاس، نظام حکومت،تحریک انصاف کا بیانیہ، تحریک آزادی کشمیر، گڈگورننس کے قیام اور تعمیرو ترقی کے لیے نئے ویژن کی تشکیل پر طویل مشاورت۔وزراء نے وزیراعظم کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اہلیت وصلاحیت کے مطابق پورٹ فولیوز تفویض کرنے کا اختیار سونپتے ہوئے کوئی لمحہ ضائع کیے بغیر حکومتی سفر شروع کرنے پر اتفاق کیا۔
گزشتہ روز کابینہ میں اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد ایوان وزیراعظم میں نومنتخب وزراء کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا،افطاری کے بعد ایوان وزیراعظم میں کابینہ کا طویل ترین غیر رسمی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جو سحری تک جاری رہا۔اس اجلاس کے دوران آزادکشمیر میں گڈگورننس کے قیام،میرٹ کے فروغ اور تعمیروترقی کے ساتھ ساتھ سماجی انصاف کے لیے کابینہ اراکین نے اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا۔وزرا ء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وزیراعظم اپنی کابینہ میں اہلیت وصلاحیت کے مطابق پورٹ فولیوز تفویض کریں اور مزید وقت ضائع کیے بغیر آزادکشمیر میں نئے جوش وجذبے کے ساتھ حکومتی سفر کا آغاز کیا جائے۔پہلے ہی وقت ضائع ہوچکا ہے،یہ تاثر ختم ہونا چاہیے کہ تحریک انصاف کی حکومت پہلے سال کے دوران ٹیک آف نہیں کرسکی،وزراء نے سردار تنویر الیاس کو میرٹ پر انتظامیہ کی تشکیل کے لیے بھی مشاورت فراہم کی اور سربراہان محکمہ جات،سیکرٹریز حکومت کے علاوہ تمام اضلاع کی انتظامیہ کے حوالے سے بھی کارکردگی کی بنیاد پر فوری احکامات جاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ آزادکشمیر میں نئی حکومت کا تاثر قائم ہو اور عوامی سطح پر یہ باور کروایا جاسکے کہ سردار تنویر الیاس خان کی زیر قیادت قائم حکومت خطہ کے اندر کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس حوالے سے صاف نیت ہوکر اپنے انتخابی منشور پر عمل پیرا ہے۔
اجلا س میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سمیت صوابدیدی عہدوں پر تعیناتیوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں نظام حکومت کو متحرک،فعال اور عوام کے لیے فائدہ مند بنانے کے لیے کابینہ کی سطح پر تجربہ کار وزراء کی ٹیم تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ایوان وزیراعظم میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں کابینہ کے نومنتخب وزراء کی دلچسپی دیدنی تھی،تمام وزراء نے گزشتہ آٹھ ماہ کے تجربات اور مشاہدات کی روشنی میں وزیراعظم سردار تنویر الیاس کے ساتھ قدم بہ قدم ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور دو ٹوک انداز میں یہ موقف اختیار کیا کہ آزادکشمیر حکومت خطہ کے عوام کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔آزادکشمیر کی پارلیمانی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی تحریک آزادی کشمیر،گورننس اور تعمیر وترقی کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کے ویژن کو عملی شکل دینے کے لیے سرکاری اداروں کو روایتی انداز سے ہٹ کر متحرک کرنے کی ضرورت پر زورد یاگیا۔کابینہ کے غیر رسمی اجلاس میں مشاورت کے بعد وزرا ء کو پورٹ فولیوز کی تقسیم کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا گیا۔…
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں