آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے لئے ووٹرز فہرستوں کی وارڈ وائز اپ ڈیشن کے لیے شیڈول جاری کر دیا

مظفرآباد ( پی آئی ڈی ) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے لئے ووٹرز فہرستوں کی وارڈ وائز ترتیب و اپ ڈیشن کے لیے شیڈول جاری کر دیا ۔الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق دیے گئے وقت کے اندر بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے تمام اقدامات اٹھا رہا ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے اس سے قبل بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا کام مکمل کیا جا چکا ہے اور نئی حلقہ بندیوں کی روشنی میں ووٹر فہرستوں کی اپ ڈیشن و ریوائزیشن کے لیے یہ شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق 25 اپریل سے 14 مئی 2022 تک بلدیاتی انتخابات کے لیے انتخابی فہرستوں میں اندراج، درستگی اور ترمیم بذریعہ نادرا اپیلی کیشن کروائی جا سکتی ہے۔15 مئی سے 25 جون تک نادرا کی جانب سے ووٹر فہرستوں میں اخراج و اندراج اور تصدیق کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے تصحیح شدہ ابتدائی انتخابی فہرستیں دی جائیں گی جس کے بعد 27 مئی 2022 تک ووٹر فہرستوں میں اندراج کے حوالہ اعتراضات، Claims ، درستگی کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے عوام الناس کے لیے ابتدائی ووٹر فہرستیں شائع کی جائیں گی۔ 27 مئی سے 31 مئی تک ابتدائی ووٹر فہرستوں میں درستگی کے لیے اعتراضات، اپیلیں عوام الناس کی جانب ریوائزنگ اٹھارٹیز کے پاس جمع کروائی جا سکیں گی۔

یکم جون سے 6 جون تک عوام الناس کی جانب سے ابتدائی ووٹر فہرستوں پر اعتراضات، اپیلوں کی سماعت کر کے فیصلہ جات دیے جائیں گے۔ جبکہ 07 سے 08 جون تک ووٹر فہرستوں کی درستگی کے لیے ان فیصلوں کی متعلقہ رجسٹریشن آفیسران کے پاس ترسیل کی جائیگی۔09 سے 12 جون تک رجسٹریشن افسران کے ذریعے ریوائزنگ اتھارٹیز کے فیصلوں کو ووٹر فہرستوں میں شامل کرکے الیکشن کمیشن کو رجسٹریشن افسران کی جانب سے سافٹ ڈیٹا فراہم کیا جائیگا۔ 20 جون کو اپیلوں و اعتراضات پر فیصلوں کو انتخابی فہرستوں میں شامل کرتے ہوئے رجسٹریشن افسران کی جانب سے حتمی ووٹر فہرستیں شائع کی جائیں گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close