بھارتی وزیر اعظم کا دورہ مقبوضہ کشمیر، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کا بھاریت سفارتخانے کے باہر مظاہرہ

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی اپیل پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے خلاف آزادکشمیر بھر اور پاکستان کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ احتجاجی مظاہرین نے آزادی اورپاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں سازش کررہا ہے، بھارتی سرکار استصواب رائے اپنے حق میں کرنا چاہتی ہے۔کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی سے بھارت خوفزدہ ہے، نہ صرف کشمیر آزاد ہوگا بلکہ اکھنڈ بھارت کا خواب بھی چکنا چور ہو گا۔سردار تنویرالیاس خان نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے دورہ مقبوضہ جموں و کشمیرکا مقصد اپنی فوج کا مورال بلند کرنا ہے جو جنگ ہارچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ذہنی دباؤ کے باعث کشمیر میں روزانہ بھارتی فوجی خودکشی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم کا دورہ کشمیر غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے کیونکہ بھارت 1947 سے کشمیر پر قابض ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم کے دورہ کشمیر کا مقصدعالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی اصل صورتحال سے گمراہ کرنا ہے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کشمیری قربانیاں آزادی اور حق خودارادیت کیلئے دے رہے ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں غیرریاستی افراد کی آبادی کی ڈیموگرافی تبدیل کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں سید علی گیلانی و دیگر کئی حریت رہنماوں نے قربانیاں دیں، مقبوضہ کشمیر میں ماؤں نے برہان وانی جیسے مجاہد پیدا کیے، بھارت کے حربے کشمیر میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر نے پاکستان کا حصہ بننا ہے، قائداعظم نے کہا تھا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔سردار تنویر الیاس نے کہا کہ بھارت نے5 اگست2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی گئی، کشمیر میں ہونے والی مزاحمت سے بھارت خوفزدہ ہے، نہ صرف کشمیر آزاد ہوگا بلکہ اکھنڈ بھارت کا خواب بھی چکنا چور ہو گا۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ شہدا ء کشمیر سبز ہلالی پرچم میں لپٹ کر دفن ہوتے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینرمحمد فاروق رحمانی نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے کی جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم و صدر پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

احتجاجی مظاہرے میں حریت رہنما ؤں غلام محمد صفی،فیض نقشبندی،الطاف وانی، ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض گجر،ممبران اسمبلی عبدالماجد خان،چوہدری اکبر ابراہیم،جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی راجہ منصور خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار مرتضی علی احمد، چیئر مین کشمیر کلچرل اکیڈمی ڈاکٹر عرفان اشرف، پولیٹکل سیکریٹری ٹو وزیراعظم کرنل(ر) شجاعت محمود خان سمیت دیگر قائدین اور شرکا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں