وزیر اعظم آزاد کشمیر کی سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات، کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی اور سیاسی معاملات پر اعتماد میں لیا

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف وسابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اسلام آباد میں اہم ملاقات،وزیر اعظم نے سابق وزیر خارجہ کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سمیت آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کے بعد سیاسی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیااور انہیں اہم معاملات پر اعتماد میں لیا۔ شاہ محمود قریشی نے سردار تنویر الیاس کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور آزا دکشمیر میں نئی کابینہ کی تشکیل سمیت خطہ کے اندر گڈ گورننس کے قیام، تعمیر و ترقی اور عمران خان کے ویژن کے مطابق آزا دکشمیر کو ترقی یافتہ، خوشحال ریاست بنانے کے لیے عملی اقدام اٹھانے پر مشاورت کی۔

اس موقع پر بات چیت کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے بحیثیت وزیر خارجہ پاکستان مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اہم کردار ادا کی اور کشمیریوں کی آواز دنیا میں پہنچانے کے لیے عملی اقدام اٹھائے۔ سردار تنویر الیاس نے شاہ محمود قریشی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے آزاد کشمیر میں مثبت جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے ریاست کے اندر مناسب سیاسی ماحول اور اظہار رائے کی آزادی کے لیے مقامی ریاستی تنظیم کی رہنمائی و سرپرستی کی اور یقینا یہ راہنمائی و سرپرستی آئندہ بھی جاری رہے گی۔

سردار تنویر الیاس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی زیر قیادت آزادکشمیر میں قائم ہونے والی تحریک انصاف کی حکومت مسئلہ کشمیر پر تحریک انصاف کی پالیسی کو جاری رکھے گی اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کرے گی۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close