مظفرآباد (پی آئی ڈی) سردار تنویر الیاس خان کے آزادکشمیر کی وزرات عظمیٰ کا حلف اٹھاتے ہی آزادکشمیر بھر میں تحریک انصاف کے کارکنوں میں خوشی اور اطمینان کی لہر دوڑ گئی،آزادکشمیر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں،قصبات اور دیہاتوں میں صدر تحریک انصاف کے لیے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔چھوٹے بڑے شہروں میں وزرات عظمیٰ کی تبدیلی کو کارکنوں کی خواہشات اور جذبات کی ترجمانی سے تعبیر کیا جارہا ہے۔
حکمران جماعت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نئے قائد ایوان کے ساتھ نہ صرف خوش ہے بلکہ اس تبدیلی کو آزادکشمیر میں حقیقی تبدیلی قرار دیا جارہا ہے۔ممبران اسمبلی کی اکثریت قائد ایوان کی تبدیلی کو عزت نفس کی بحالی اور کارکنوں کے لیے خوش آئند سمجھتی ہے۔نئے قائد ایوان کے آتے ہی آزادکشمیر کی بیوروکریسی کے اندر بھی سوچیں بدل رہی ہیں اور ہفتوں تک دفتر نہ بیٹھنے والے اعلیٰ افسران اب علی الصبح اپنے دفاتر میں براجمان ہونا شروع ہوگئے ہیں۔اپنے پہلے خطاب میں سردار تنویر الیاس نے اپنے ویژن اور تعمیر وترقی کے حوالے سے جن خیالات کا اظہار کیا ہے انہیں عملی شکل دینے کے لیے بیوروکریسی نے روز اول سے ہی اپنا ذہن بنالیا ہے۔تمام سرکاری دفاترمیں رکی ہوئی فائلیں اور زیر التواء معاملات از خود یکسو ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ابھی کابینہ میں توسیع ہونا باقی ہے تاہم نظام حکومت میں واضح تبدیلی محسوس کی جارہی ہے،نومنتخب وزیراعظم انتھک،متحرک شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں۔
ممبران اسمبلی کی اکثریت سردار تنویر الیاس کی قائدانہ صلاحیتوں سے خوش ہے اور ان کی مشاورت کے انداز کو پسند کررہی ہے۔توقع کی جارہی ہے کہ آزادکشمیر میں تبدیلی کا اثر نچلی سطح پر منتقل ہوگا اور عام آدمی کواس تبدیلی سے نہ صرف ریلیف ملے گا بلکہ ہر ایک کی زندگی میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی۔آزادکشمیر کے تمام سرکاری اداروں میں نئے قائد ایوان کے حوالے سے یہ پیغام پہنچ چکاہے کہ وزیراعظم تعلیم یافتہ اور رولز آف بزنس کے ساتھ ساتھ فنانشل رولز سے بھی اچھی طرح آگاہ ہیں۔ان کی شخصیت میں دوسروں کے لیے احساس کا جذبہ بدرجہ اتم موجود ہے۔آزادکشمیر کے مختلف قبائل،برادریوں اور علاقوں میں سردار تنویر الیاس کی شخصیت پر ہی تبصرے ہورہے ہیں،ان کی ذات ہر گھر میں زیر بحث ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ تبدیلی آزادکشمیر کے ہر فرد کی خواہش تھی۔تبدیلی کے عمل کو عملی جامع پہنانے کے لیے تحریک انصاف کے انتخابی منشور کو فوقیت دی جارہی ہے،وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ ملاقات کر کے انہیں اپنے ابتدائی 90روزہ پلان سے آگاہ کر کے اپنے ارادوں کو عملی شکل دینے کے لیے ان کی آشیر باد حاصل کرچکے ہیں۔عمران خان نے سردار تنویر الیاس سے بحیثیت وزیراعظم آزادکشمیر مثبت اور جمہوری طرز عمل کی توقع کا اظہار کیا ہے اور باضابطہ طورپر آزادکشمیر میں احتساب کے عمل کو آگے بڑھانے کی بات کی ہے۔آزادکشمیر میں احتساب کے حوالے سے تحریک انصاف کی انتخابی مہم میں واضح دعوے کیے گئے تھے اب عوامی سطح پر احتساب کے ساتھ ساتھ تعمیر وترقی کے رکے ہوئے پہیے کو چلانے اور گورننس کی بہتری کے لیے عملی اقدام کا مرحلہ آن پہنچا ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں