اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان منتخب ہونے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف پاکستان عمران خان کے ساتھ ملاقات کے لیے بنی گالہ پہنچ گئے جہاں دونوں رہنماؤں کے مابین اہم ملاقات ہوئی ہے۔ اس ملاقات میں سردار تنویر الیاس نے آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے لیے نامزدگی پر چیئرمین تحریک انصاف کا شکریہ ادا کیا۔
چیئرمین عمران خان نے سردار تنویر الیاس کو وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ آزاد کشمیر تحریک انصاف کا قلعہ ہے جہاں تحریک انصاف کے انتخابی منشور کے عین مطابق سردار تنویرالیاس کی زیر قیادت حکومت قائم کی گئی ہے۔ یہ حکومت ریاستی عوام کی توقعات اور جذبات کی ترجمان ہے۔ انہوں نے نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس سے دوران گفتگو پارٹی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور کابینہ سازی سمیت دیگر اہم معاملات پر بات چیت بھی کی۔ سردار تنویر الیاس نے حکومت سازی کے دیگر مراحل طے کرنے کے لیے چیئرمین تحریک انصاف کو اعتماد میں لیا۔ چیئرمین تحریک انصاف کی رہائش گاہ بنی گالا میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ عمران خان نے سردار تنویر الیاس کے بحیثیت وزیراعظم آزا دکشمیر انتخاب پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی پارٹی کے لیے خدمات اور کمٹمنٹ کو سراہا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اپنی حکومت کے 90 روزہ پلان کے حوالے سے آگاہ کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کے ویژن احتساب کو آگے بڑھانے پر زور دیا جس پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے انہیں بتایا کہ آج ہی چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کو احتساب ایکٹ میں ترامیم کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ خطہ کے اندر بنیادی ضروریات کی فراہمی، تعمیر و ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے اور ایسے منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئی ہیں جو تحریک انصاف کے انتخابی منشور کا حصہ ہیں۔ عمران خان نے عام انتخابات کے دوران سردار تنویر الیاس کی پرجوش اور ولولہ انگیز قیادت کے ذریعے تحریک انصاف کی کامیابی کا برملا اعتراف کیا۔ ملاقات میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سابق وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کے عین مطابق کام کرے گی اور 90 روز کے اندر آزاد کشمیر میں تبدیلی واضح طور پر نظر آئے گی۔
کارکنوں، پارلیمانی پارٹی اور کابینہ کی مشاورت سے نظام حکومت چلائیں گے اور گزشتہ 8 ماہ کے دوران آزاد کشمیر کے اندر زیر التواء معاملات یکسو کرنے کے لیے فوری اقدام اٹھائے جائیں گے۔ اب کوشش کریں گے کہ مزید وقت ضائع نہ ہو۔ جماعت کے اندر اتحاد و یکجہتی کی فضا اور مشاورت کا ماحول قائم رہے گا۔ کارکنوں کی عزت نفس ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ سمیت تمام وزراء اور سرکاری افسران کے دفاتر عام عوام کی سہولت کے لیے ہر وقت کھلے رہیں گے۔ شکایات کے ازالہ کے لیے فوری مثبت رد عمل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ آزاد کشمیر میں عوام تحریک انصاف سے جس طرح کی توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں ہم ان توقعات پر پورا اترنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ وفاقی حکومت کے ساتھ تعلقات کار میں بہتری لائیں گے۔ آزاد کشمیر اور پاکستان کے مابین نظریاتی رشتوں کو مضبوط کیا جائے گا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں