مظفرآباد ( پی آئی ڈی) صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم صحافتی برادری کا ہر ممکن خیال رکھیں گے۔ ان کے مسائل کے حل کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھی جائے گی۔ آزاد کشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنائیں گے، آزاد کشمیر میں وزیراعظم کی تبدیلی پارٹی کے اندر ہوئی ہے میں نے بحیثیت صدر انتخاب میں 34ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ وزیراعظم نے 33ووٹ حاصل کیے ہیں
مجھے جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ حسن ابراہیم کا ووٹ اضافی ملا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں ممبران مجلس عاملہ مرکزی ایوان صحافت کی تقریب حلف برداری سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر سنٹرل پریس کلب مظفرآباد سید آفاق حسین شاہ نے سپاسنامہ پیش کیا۔ جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سیکرٹری جنرل مرکزی ایوان صحافت مسعود عباسی نے سرانجام دیئے۔ اس موقع پر نو منتخب ہونے والے سات سینئر صحافی ممبران مجلس عاملہ سے صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حلف لیا۔ اس موقع پر حلف اٹھانے والوں میں طارق نقاش، سید عباس گردیزی، عارف بہار، راجہ شوکت اقبال، سردار رضا خان، ظہیر جگوال اور خواجہ سرفراز شامل ہیں۔ جبکہ الیکشن کمشنر سردار دلپذیر عباسی نے اس موقع پر نو منتخب مجلس عاملہ کے عہدیداران کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔ اس موقع پر قلم قبیلہ سمیت سیاسی سماجی مذہبی تجارتی حلقوں کے نمائندوں صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے صدر مرکزی ایوان صحافت سید آفاق حسین شاہ نے بھی خطاب کیا انھوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور ایوان صحافت کا تعلق کئی دہائیوں پر محیط ہے۔
انھوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ایک لجپال شخصیت ہیں۔ انھوں نے صدر ریاست کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہر دو حیثیتوں میں جس طرح مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور میڈیا کے ساتھ بہترین لیزان اور بیرون ممالک دوروں میں صلاحیتوں کی بنیاد پر شامل کرنے اور صحافیوں کی کالونی کی تعمیر میں مدد کی درخواست کی۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر اس وقت نازک اور اہم موڑ میں داخل ہو چکا ہے لہذا ہمیں متحد ہو کر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہو گا۔ میں نے پہلے اسلام آباد میں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس بلائی اور بعد ازاں اسلام آباد اور مظفرآباد میں بڑی کشمیر ریلیوں کا انعقاد کیا جس میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ میں نے جب صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا تو میں نے اعلان کیا تھا کہ میں آزاد کشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بناؤں گا جس کے بعد میں نے امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے دورے کیے اور دنیا اور انٹرنیشنل میڈیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کروائی۔
جبکہ حال ہی میں میں نے او آئی سی کی دعوت پر سعودی عرب کا خصوصی دورہ کیا اوآئی سی کے ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر امہ کی توجہ مبذول کروائی جس پر او آئی سی نے میرے موقف کی تائید کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حمایت کا اعلان کیا۔ اسی طرح میں نے آزاد کشمیر میں تعمیرو ترقی اور دیگر پراجیکٹس شروع کرنے کے لیے صدر اسلامک ڈویلپمنٹ بینک ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر سے ملاقات کر آزاد کشمیر میں نئے ترقیاتی پراجیکٹ شروع کرنے اور پہلے سے زیر کار پراجیکٹس کے لیے فنڈز کی فراہمی کی درخواست کی۔ جس سے آزا دکشمیر میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں