راولاکوٹ ، بےنظیر انکم سپورٹ کے ڈویژنل دفاتر ختم کرنا زیادتی ہے، ہم تحریک چلا کر ادارہ بحال کرائیں گے، سردار عابد حسین عابد

راولاکوٹ( پی این آئی)سابق وزیر حکومت و پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء سردار عابد حسین عابد نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے راولاکوٹ سے ڈویژنل دفاتر ختم کرنا علاقے اور عوام کیساتھ ظلم و زیادتی ہے۔ اس نا انصافی کے خلاف احتجاجی تحریک چلاتے ہوئے ادارہ بحال کرائیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ادارے بنانے والی جماعت ہے اور ہم کسی صورت ادارے ختم نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) کی تنظیم نو کے دوران ابتداء میں آزاد جموں کشمیر کو مظفرآباد اورپونچھ زون میں تقسیم کیا جارہا تھا۔

تاہم میرپور سے تعلق رکھنے والے ریجنل ڈائریکٹر کی جانب سے مبینہ طور پر غلط بیانی کرتے ہوئے پونچھ زون کو میرپور زون مقرر کروایا گیا اور پونچھ ڈویژن کو دو حصوں میں تقسیم کر کے دو اضلاع میرپور زون اور دو اضلاع مظفرآباد زون کے ساتھ منسلک کر دیئے گئے ہیں۔ ہم پونچھ زون کو بحال رکھتے ہوئے پونچھ میں سنٹرل زون قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پونچھ ڈویژن سے استفادہ حاصل کرنے والی ہزاروں خواتین،جو پہلے ہی میرپور ڈویژن سے زیادہ ہیں، ایک اندازے کے مطابق یہ تعداد 30ہزار سے زائد تک پہنچ سکتی ہے۔ تاہم پونچھ ڈویژن میں بی آئی ایس پی کو دو زونز کے ساتھ دور دراز منسلک کر کے نہ صرف روزگار کے مواقع کا خاتمہ کیا گیا ہے بلکہ استفادہ کرنے والی خواتین کو بھی مشکلات سے دوچار کر دیا گیا ہے۔

سیاسی اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میرپور اور مظفرآباد کے زونز کے ساتھ پونچھ کا سنٹرل زون بھی قائم کیا جائے۔ سردار عابد حسین عابد نے کہا کہ جعلسازی کے ذریعے سے راولاکوٹ سے زون کو ختم کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔ راولاکوٹ سے دفاتر اور عملے کو کسی صورت منتقل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اب میرپور کا زون اگر جعلسازی سے قائم کر دیا گیا ہے تو اس کو بھی برقرار رہنے دیا جائے۔ تاہم پونچھ کا بھی زون قائم کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کیا جائیگا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close