مظفرآباد (پی آئی ڈی) نومنتخب قائد ایوان آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ قائد ایوان منتخب ہونے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، سیکرٹری جنرل اسد عمر، علی امین گنڈا پور، صدر آزادجموں وکشمیر بیر سٹر سلطان محمو دچوہدری اور تمام ممبران اسمبلی کو جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا،کا شکر گزار ہوں۔ ممبرا ن اسمبلی کو یقین دلاتا ہوں کہ انہیں فنڈز کی کمی نہیں ہونے دوں گا۔ سرکاری فنڈز عوام کی امانت ہیں جو ان کی فلاح وبہبود پر ہی خرچ ہو ں گے۔ اوور سیز کشمیریوں کے لیے ایک بڑا پروگرام شروع کریں گے جس میں وہ براہ راست شامل ہو سکیں گے۔ اوورسیز کمیشن کو فعال بنائیں گے۔ سیاحت کے شعبہ میں وسیع پوٹینشل موجود ہے جس پر فوکس کریں گے۔
مری ایکسپریس وے کو کوہالہ تک توسیع دینے کے لیے وفاقی حکومت سے معاملہ اٹھائیں گے اور آزادکشمیر کے اندر حادثات کے خاتمہ کے لیے سڑکوں کے کناروں پر سیفٹی لگائیں گے۔ شاہرات او ربلڈنگ کوڈز کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا۔ مظفرآباد اور راولاکوٹ میں سوئی گیس فراہم کریں گے۔ مظفرآباد تک ریلوے لائن بچھانے کے لیے فزیبلیٹی تیار کروائیں گے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے اپنی ایئر لائن شروع کریں گے۔ چھوٹی صنعتوں کو فروغ دیں گے۔ خواتین کے لیے کاروبار کے خصوصی مواقع پید ا کریں گے۔ پچھلی حکومت کے ٹورازم کو ریڈور کے منصوبہ کو مکمل کرتے ہوئے اسے فعال کریں گے۔
آئی ٹی پارکس کا قیام، CIDکا محکمہ اور ٹورازم پولیس کو فعال کریں گے۔ بورڈ آف انوسٹمنٹ اور فوڈ اتھارٹی کوبھی فعال کیا جائے گا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنائیں گے اور کارکنوں کو ان کا جائز مقام دیں گے۔ آزادکشمیر کے مختلف کیمپوں میں مقیم مہاجرین کو معیاری رہائش فراہم کریں گے۔ نریندری مودی اور ہندوستان کی اسٹیبلشمنٹ کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ وہ کشمیریوں سے انکا بنیادی حق زیادہ دیر تک نہیں چھن سکتااسے ریفرنڈم کروانا پڑے گا۔ہندوستان کا اکھنڈ بھارت کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ اپنے کارکنوں کو ہدایت کرتا ہوں کہ افواج پاکستان کے حوالہ سے کسی بھی منفی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں۔ دشمن ہمیں اپنی بہادر افواج کے خلاف کرنا چاہتا ہے ہمیں اس سازش کو ناکام بنانا ہے۔ ہالینڈ کے شہریوں کی طرف سے بنی پاک ﷺکی شان میں گستاخی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور اقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ایسے ممالک کا سماجی اور سفارتی بائیکاٹ کریں جو دوسرے مذاہب کی توہین کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یہاں آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں جماعتوں کے اندر اور باہر سے تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں۔
جمہوریت کا حسن ہے کہ جمہوری پراسس کو جاری رہنا چاہیے۔ میں جب تحریک انصاف میں آیا تو اس اسمبلی میں ہماری 3نشستیں تھیں آج اللہ کے فضل سے اس ایون میں ہماری 32نشستیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں اب تحریک انصاف آپ کو اپنی اصل روح میں نظر آئے گی۔ وزراء اور سیکرٹریز کو 3ماہ کا ٹارگٹ دیں گے۔ ہم نے کام کرنا ہے اور آزادکشمیر کو بدلنا ہے تاکہ ہمارے لوگوں کے خواب پورے ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کشمیر کی خدما ت کے پیش نظر آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کو ان کے نام سے موصوم کرنے کا اعلان کرتا ہوں جبکہ ہمارے سیاسی اکابرین پر یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی کروانے کا اہتمام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری امیدوں کا محور و مرکز ہے۔ سبز ہلالی پرچم کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال لیں گے۔ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی گزشتہ حکومت خوش قسمت تھی جسے وفاق میں عمران خان جیساوزیراعظم ملا جنہوں نے نہ تو ریاست کے فنڈز روکے اور نہ ہی یہاں کی حکومت کے لیے مسائل پید ا کیے۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں سیاحت کو فروغ دیں گے جس سے یہاں ترقی ہو گی۔ شاہرات کے معیار میں بہتری لائی جائے گی۔ کوالٹی کنٹرول اور کوالٹی ایشورنس کے محکمے بنا کر معیار کو بہتر بنائیں گے۔ آزادکشمیر میں Sea foodاور واٹر سپورٹس کا پوٹینشل موجود ہے جسے بروئے کار لائیں گے۔ یہاں سفاری پارک، میوزیم اور لائبریریاں بنا کر سیاحوں کے لیے دلچسپی کے مواقع پیدا کریں گے۔ نواجوان نسل کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے پارکس بنائے جائیں گے۔ ایجوکیشن، کوالٹی کنٹرول اور کلین اینڈ گرین کشمیر ٹاسک فورس قائم کریں گے۔ آزادکشمیر پولیس کو یورپین سٹینڈرڈ پرلاکر اس میں اصلاحات نافذ کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت حقیقی تبدیلی لاکر کشمیر کو بدلے گی جہاں عام آدمی کو معیار زندگی بلند ہوگا اور تعمیر و ترقی کے راستے کھلیں گے۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں