صدر آزاد کشمیر نے نومنتخب وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، کابینہ ارکان سے حلف لیا، تقریب سے وزیر اعظم کا خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس سے ان کے عہدے کا حلف لے لیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر مظفرآباد میں منعقد ہوئی۔تقریب میں چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا جس کے بعد صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے نومنتخب وزیراعظم سردار تنویر الیاس حلف لیا۔

تقریب میں سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق، سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور، ممبران آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی، چیف سیکرٹری، سیکرٹری صاحبان، سربراہان محکمہ جات، پارٹی کارکنان، انتظامی آفیسران، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت دیگر مکاتب فکر کے لوگوں نے بھی شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس نے کہاکہ آزادکشمیرکی تعمیر وترقی کے حوالہ سے 90دن کا پلان ہے،اپنی کارکردگی عمل سے دکھائیں گے، آزادکشمیر میں سب سے بڑا مسئلہ بیروزگاری کا ہے اس کو کم کرنے کیلئے بھرپور کام کریں گے۔ آزادکشمیر کے وسائل پر آزادخطہ کے عوام کا حق ہے، مہاجر حلقوں میں بھی پورے فنڈز فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائد کشمیر صدرریاست بیرسٹرسلطان محمود چوہدری ہماری رہنمائی کریں گے اورملکر کر ریاست کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامز ن کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی ماؤں نے جو عظیم بیٹے جنے پوری دنیا ان پر فخر کرتی ہے،مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی جیسے عظیم شہداء ہیں۔

یاسین ملک، شبیر شاہ جیسے عظیم لوگوں نے آزادی کی خاطر اپنی جوانیاں جیلوں میں گزار دیں، سید علی گیلانی کی زندگی جیل میں گزری لیکن ان کے عز م صمیم میں کمی نہ آئی۔ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ایوان صدر میں دو رکنی کابینہ سے بھی ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ صدرریاست نے وزراء کرام خواجہ فاروق احمد اور چوہدری اخلاق احمدسے حلف لیا۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں