اسلام آباد (پی این آئی) پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی قیادت نے وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف عدم اعتماد کے نام پر آزاد کشمیر کے خطے میں ہارس ٹریڈنگ کی بد ترین مثال قائم کرنے کی شدید مذمت ہے اور قانون ساز اسمبلی کے ارکان سے اپیل کی ہے کہ وہ آزاد خطے کے عوام کے لیے شرمندگی کا باعث نہ بنیں۔زرداری ہاؤس اسلام آباد میںپریس کانفرنس میں صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین، سابق صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھو ر اور ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن عزادار حسین شاہ موجود تھے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے کہا کہ وزیراعظم اعظم آزاد کشمیر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کر کے سیاست میں ایک منفی روایت قائم کی ہے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہماری اطلاع یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور اور سیکرٹری جنرل اسد عمر نے اپنے وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتما دکی تحریک پیش کرانے کے عوض 5 ارب روپے وصول کیے ہیں اور یہ سودا ایک ایسے شخص کے ساتھ کیا ہےجس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ چوہدری یاسین نے کہا کہ جہانگیر ترین اور علیم خان کے بعد اب پی ٹی آئی کی قیادت کو نئی اے ٹی ایم مشین کی ضرورت تھی۔اس اے ٹی ایم مشین سے الیکشن کے ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران بھی رقم وصول کی گئی، انہوں نے دعویٰ کی کہ آزاد کشمیر اسمبلی کے ارکان کو خریدوفروخت کرنے والوں نے نتھیا گلی میں چھپا دیا ہے،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی طرف سے مقرر کیے گئے وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی بھی کی امریکہ کے لیے خطرہ بن گئے تھے کہ ان کو ہٹانے کا فیصلہ ان کی اپنی پارٹی نے کر دیا؟ انہوں نے افوان پاکستان کے خلاف جاری منظم مہم بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
آزاد کشمیر کے سابق صدرسردار یعقوب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہامریکی سازش کا دعویٰ کرنے والے سابق وزیر اعظم عمران خان اپنی سابقہ اہلیہ کے بھائی کے لندن میئر کے الیکشن میں پاکستانی نژاد صادق خان کے مقابلے میں کھل کر حمایت کی، انہوں نے کہا کہ عمران خان کےڈبل سٹینڈرڈز ہیں جس کا الزام وہ دوسروں کو دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف پی ٹی آئی کاسوشل میڈیا منظم مہم چلانے میں مصروف ہے۔آئی ایس پی آر نے آج واضح کر دیا کہ کون کیا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی، پاکستان کی فوج کے خلاف مہم استحکام پاکستان کے خلاف سازش ہے جو برداشت نہیں کی جاسکتی۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ یوں لگتا ہے کہ آزاد کشمیر میں ارکان اسمبلی کی لوٹ سیل لگ گئی ہے۔ان ارکان کو چھپایا جا رہا ہے، حالانکہ ارکان اپنی مرضی سے مظفرآباد یا اسلام آباد میں رہیں انہیں کسی خاص جگہ رہنے پر مجبور کیوں کیا جا رہا ہے؟
فیصل راٹھورنے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ ارکان ان لوگوں کا ساتھ نہیں دیں گے جو خرید و فروخت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دو اے ٹی ایم مشینوں کے بند ہونے کے بعد عمران خان کو نئی اے ٹی ایم کی ضرورت تھی ۔کل تک جو خرید و فروخت کی مذمت کر رہے تھے، آج انہوں نے وہی کام آزاد کشمیر میں خود کر دیا۔کیا یہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف امریکی سازش ہے؟وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے وزراء کو خود برطرف کیا۔انہوں نے سوال کیا کہ عمران خان نے پشاور کے جلسے میں کس کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا؟یہ شرمندگی کا باعث ہے۔
ایک سوال کے جواب میں چوہدری یاسین نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیرنے استعفیٰ دے دیا تو اجلاس غیر ضروری ہو جائے گا۔ ناہون نے کہا کہ اگر وہ ہمارے ساتھ آئیں گے تو تب فیصلہ کریں گےکہ ہمیں کیا کرنا ہے؟ انہوں نے سردار تنویر الیاس کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک ایسا شخص جو سیاست کی اے بی سی سے واقف نہیں ہے اس کو آزاد شمیر جیسے حساس خطے میں وزیر اعظم بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایسی کوشش کامیاب نہیں ہو نے دی جائے گی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں