جدہ (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی جدہ میں صدر اسلامک ڈویلپمنٹ بینک ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے تفصیلی اور اہم ملاقات۔ اس موقع پر صدر اسلامک ڈویلپمنٹ بینک ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بتایا کہ آزادکشمیر میں 2005کے زلزلے کے بعد ہمیں سکولوں کی عمارتیں بنانے کا کہا گیا تھا جن میں سے کچھ پایا تکمیل کو پہنچے جبکہ کچھ ابھی باقی ہیں۔
جو سکول ابھی نہیں بنے اُن کی تعمیرکے لئے 15ملین ڈالر رکھے گئے ہیں۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے صدر اسلامک ڈویلپمنٹ بینک ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر کو بتایا کہ آزادکشمیر میں ماحولیات کا بھی مسئلہ درپیش ہے اوردرختوں کی کٹائی کی وجہ سے جنگلات ختم ہو رہے ہیں لہذا اس سلسلے میں اسلامک ڈویلپمنٹ بینک ہماری گرین فنڈ اور گلوبل فنڈ سے مدد کریں۔ اسی طرح زراعت کے شعبے میں بھی ہمیں معاونت اور مدد فراہم کی جائے۔ آزادکشمیر میں ہماری پانچ یونیورسٹیاں ہیں ان میں اسلامک ڈویلپمنٹ بینک اپنے فنڈ سے طلباء و طالبات کو سکالرشپس دے اور اسی طرح اس میں اسلامی ممالک کی یونیورسٹیز بھی اس میں ہماری یونیورسٹیز کی استعداد کار بڑھانے کے لئے فنڈزمہیا کریں جس سے بیروزگاری کا خاتمہ ہو گا اور معیار تعلیم بلند ہو گا۔ اس موقع پر صدر اسلامک ڈویلپمنٹ بینک ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسرنے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ میں آپ کے متعلقہ دفاتر سے کہوں گا کہ وہ اس سلسلے میں رابطہ رکھیں تاکہ ان تمام مسائل کے حل کے لئے ہم آگے بڑھ سکیں۔ آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کے لئے اسلامی ڈویلپمنٹ بینک اپنی بھرپور معاونت اور مدد فراہم کرے گا۔
اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ کشمیر دنیا کا خوبصورت ترین خطہ ہے اور یہاں پر لائن آف کنٹرول پر مقیم لوگوں کو خاصی مشکلات درپیش ہیں جن کے حل کے لئے اسلامک ڈویلپمنٹ بینک اپنی خصوصی توجہ مرکوز کرے۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے صدر اسلامک ڈویلپمنٹ بینک ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسرکو آزادکشمیر کے دورے کی دعوت بھی دی۔ یاد رہے کہ صدر اسلامک ڈویلپمنٹ بینک ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسرپاکستان میں سعودی عرب کے سابق سفیر بھی رہ چکے ہیں۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں