میرپور (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاہے کہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت نے کوہالہ سے میرپور 122 کلومیٹر کشمیر ہائی وے، رٹھوعہ ہریام برج کے زیر التواءمنصوبہ پر دوبارہ کام شروع کروایا، ایل او سی پر رہنے والوں کے لئے سہولیات کی فراہمی سمیت عوام الناس کی ترقی و فلاح و بہبود کے وہ بے مثال منصوبے ہیں جس پر میں بطور وزیراعظم پوری طرح مطمئن ہوں۔ میرپور تعلیمی بورڈ کا آزادکشمیر میں تعلیمی ترقی میں اہم کردار ہے۔
میرپور خوشحال خطہ ہے یہاں کے اوورسیز آزادکشمیر اور پاکستان میں کثیر زرمبادلہ بھیج کر ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں ہماری حکومت نے تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کے عزت ووقار میں اضافہ کیا آئندہ بجٹ میں بھی تعلیم کے شعبہ کے لیے کثیر رقم رکھیں گے۔آزادکشمیر کی خواتین تعلیمی میدان میں طلبا سے بہت آگے ہیں۔پڑھی لکھی باصلاحیت خواتین خطہ کی تعمیر و ترقی میں آگے آئیں اور اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوں۔وزیرا عظم آزادکشمیر نے تعلیمی بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات ، اساتذہ کرام،والدین کو مبارکباد دی اور بورڈ ملازمین کے لیے ایک ماہ اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں و کشمیر انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیمی بورڈ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات،اعزازات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں چیئرمین تعلیمی بورڈ پروفیسر قاضی محمد ابراہیم نے سپاسنامہ پیش کیا۔تقریب سے وائس چانسلر مسٹ پروفیسر ڈاکٹر یونس جاوید،سیکرٹری ایلمینٹری و سیکنڈری ایجوکیشن سردار رزاق ندیم، سیکرٹری تعلیمی بورڈ ساجد عزیز نور،مرزا خلیل نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر کمشنر چوہدری محمد رقیب خان، ڈی آئی جی پولیس ڈاکٹر خالد محمود چوہان،ڈی جی ایم ڈی ایچ اے چوہدری محمد منشاء نقشبندی،سابق جج چوہدری محمد مشتاق، ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال، ایس ایس پی کامران علی،کنٹرولر امتحانات کالجز پروفیسر عتیق الرحمن، ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر نذیر حسین،صدر پی ٹی آئی چوہدری محمد صدیق،سابق چیئرمین پروفیسر ظہیر چوہدری،سابق سیکرٹری بورڈ چوہدری محمد تاج کے علاوہ ماہرین تعلیم،پبلک و پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز کے سربراہان، اساتذہ اکرام،نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات اور ان کے والدین اور دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔قبل ازیں وزیر اعظم جب بورڈ کی تقریب میں پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور ان پر پھول کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
وزیرا عظم نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں میڈل،انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیےانہو ں نے کہا کہ ہمیں اپنی آزادی کی قد ر کرنی چاہیے۔انھوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈ میرپو ر کا ایک نام ہے اور بورڈ نے آزادکشمیر کے دور دراز پہاڑی اور بالخصوص ایل او سی پر رہنے والے طلبا و طالبات کے لیے امتحانی سینٹر قائم کرکے جو سہولیات فراہم کی ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ حکومت آزادکشمیر ایم ڈی اے سے قرضہ لیتی تھی آج بھی ایم ڈی ایچ اے میں اربوں روپے موجود ہیں اگر ادارہ خود کفیل ہو تو پھر حکومت کے لیے پریشانی نہیں ہوتی انھوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد مسئلہ کشمیر کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہے۔رٹھوعہ ہریام برج جواڑھائی ارب روپے کا منصوبہ تھا سابقہ حکومتوں کی عدم توجہی کے باعث 10ارب تک پہنچ گیا ہے ہم نے آتے ہی اس منصوبے کی تکمیل کے لیے اقدامات اٹھائے۔اب اس منصوبے پر کام وہی چینی کمپنی شروع کر رہی ہے۔انھوں نے کہاکہ کشمیر ہائی وئے منصوبہ جو کوہالہ سے میرپور 122کلومیٹر ہے کی منظوری ہوچکی ہے جس پر 8ٹنل بنائے جائیں گے اس کی بھی فیزبیلٹی ہوچکی ہے۔انھوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے رمضان المبارک میں آٹے پر 56کروڑ روپے کی سبسڈی دی یہ پندرہ سال کے بعد ہماری حکومت کو اعزاز حاصل ہوا ہے کہ ہم نے غریب لوگوں کے لیے فی من چار سو روپے کمی کی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے تعلیمی بورڈ میرپور کے چیئرمین اور دیگر اسٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے بغیر دنیا ترقی نہیں کرسکتی۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں