جدہ، صدر آزاد کشمیرکے اعزاز میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی جانب سے نشست کا اہتمام

جدہ (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعزاز میں جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل خالد مجید کی جانب سے ایک نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں سعودی عرب میں مقیم کشمیری رہنماؤں کو مدعو کیا گیا تھا۔ اس موقع پر اس خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اندرون اور بیرون ملک مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اُجاگر کرنے کے لئے متحد ہو جائیں

کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ایسے اقدامات اُٹھا رہا ہے کہ جس سے وہ مسئلہ کشمیر کوختم کرنا چاہتا ہے۔ میں نے جب صدر کا عہدہ سنبھالا تو میں نے امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے دورے کیے۔ اسی طرح میں نے 30جنوری کو آل پارٹیز کشمیر کانفرنس منعقد کی جس میں آزادی کے بیس کیمپ کی تمام سیاسی قیادت نے شرکت کی۔ اس آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں کے نتیجے میں ہم نے 24فروری کو اسلام آباد جبکہ 17مارچ کو مظفرآباد میں کشمیر ریلیز کا انعقاد کیا جس میں عوام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کر کے جہاں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا وہاں دنیا اور عالمی میڈیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور مسئلہ کشمیر پر مبذول کرائی۔ اسی طرح یہ پیغام بھی دیا گیا کہ مسئلہ کشمیر پر ہم کشمیری متحد ہیں اور بھارت کو متنبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے باز رہے۔

لہذا اب یہ ہماری دوہری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز پہنچائیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی ضمیر کو بیدار کریں۔ اس موقع پر نشست میں چوہدری خورشید احمد، سردار وقاص عنایت، راجہ شمروز، سردار مصطفی خان، سردار مہتاب سرور، مسعود پوری، سردار محمد اقبال، نصر اقبال اور دیگر بھی شریک تھے۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں