صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کی او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات، او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس میں طے کیے گئے پلان آف ایکشن پر عمل کرے گی

جدہ (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی اسلامی تعاون تنظیم (OIC)ہیڈ کوارٹر جدہ میں سیکرٹری جنرل اسلامی تعاون تنظیم (OIC)حسین ابراہیم طحہ سے تفصیلی اور اہم ملاقات۔ اس موقع پر ملاقات میں او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب رضوان سعید شیخ اور او آئی سی کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ سیکرٹری جنرل اسلامی تعاون تنظیم حسین ابراہیم طحہ نے کہا کہ او آئی سی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف او آئی سی نے پہلے بھی آواز اُٹھائی ہے اور اب وہ مزید موثر انداز میں کشمیری عوام کے حق میں آواز اُٹھا ئے گی۔اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسڑسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے خصوصی حیثیت ختم کر کے ایسے حربے استعمال کررہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ختم ہو کر رہ جائے۔ اس موقع پر اسلامی تعاون تنظیم کی زیادہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اُٹھانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طحہ کی قیادت میں اسلام آباد میں وزرائے خارجہ کانفرنس اور کشمیر کنٹیکٹ گروپ میں مسئلہ کشمیر پر ایک واضح ایکشن پلان دیا گیا میری گزارش ہے کہ سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طحہ اس ایکشن پلان پر عملدرآمد کرائیں اور اس کے لئے جدہ میں او آئی سی کے ہیڈ کوارٹر سے کہیں کہ وہ اس پر عملدرآمد کروائے۔ کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے ہندوتوا نظریے اور 9لاکھ بھارتی فوج کے ساتھ RSSکے نظریے کو آگے بڑھا رہا ہے جس سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں بے انتہاء اضافہ ہو گیا ہے۔

اس کو رکوانے کے لئے او آئی سی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔او آئی سی کے چارٹر میں کشمیریوں اور فلسطینیوں کو اُن کے حق خودارادیت دینے کا کہا گیا ہے لہذا او آئی سی کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار اد اکرے۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ جس طرح اسرائیل فلسطین میں غیر فلسطینیوں کو آباد کر کے آبادی کا تناسب بگاڑ رہا ہے اسی طرح بھارت بھی مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی ہندوؤں کو آباد کر کے وہاں کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنا چاہتا ہے اس کے لئے بھارت نے 42لاکھ غیر ریاستی ہندوؤں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے ہیں تاکہ وہاں پر آبادی کا تناسب تبدیل کیا جا سکے۔ لہذا او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوانے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی کوششیں تیز کرے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طحہ کو آزاد کشمیر کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ اسی طرح صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ کا کشمیر پر خصوصی نمائندہ مقرر کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close