او آئی سی ہیڈ رکوارٹر کا دورہ، صدر آزاد کشمیر جدہ پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

جدہ (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری آج صبح سعودی عرب کے چار روزہ سرکاری دورے پر جدہ پہنچ گئے۔ اس موقع پر جب وہ جدہ ائیرپورٹ پہنچے تو اُن کا ائیر پورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سعودی عرب میں مقیم کشمیریوں کی بڑی تعداد اُن کے استقبال کے لئے ائیرپورٹ پر موجود تھی۔ اس موقع پر جدہ ائیرپورٹ پر اُن کے استقبال کے لئے آنے والوں میں او آئی سی میں پاکستان کے سفیر و مستقل مندوب رضوان سید شیخ، او آئی سی میں پاکستان کے نائب سفیر الیاس محمود، ڈپٹی قونصلیٹ سرفراز گوہر، چوہدری صغیر، سردار وقاص، چوہدری خورشید، چوہدری خوشحال اور سرکاری حکام شامل تھے۔

اس موقع پر جب صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اسلام آباد سے سعودی عرب کے لئے روانہ ہوئے تو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہائی الرٹ ہونے کی وجہ سے اُن کے سعودی عرب جانے کے لئے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ اس موقع پر جدہ ائیرپورٹ پر بات چیت کرتے ہوئے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مجھے یہ اعزاز حاصل رہا کہ میں امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے ایوانوں میں جہاں مسئلہ کشمیر کو پیش کرتا رہا ہوں اب مجھے یہ منفرد سعادت بھی حاصل ہورہی ہے کہ میں او آئی سی کی دعوت پر آج یہاں جدہ آیا ہوں اور میں مشرق وسطیٰ میں مسئلہ کشمیر پر ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کا موقف پیش کروں گا۔ میں یہاں پر اپنے دورے کے دوران مسئلہ کشمیر پر او آئی سی اور سعودی حکام سے ملاقاتیں کر کے مسئلہ کشمیر پر حمایت حاصل کرنے کی کوشش کروں گا اور مجھے قوی امید ہے کہ اُمہ اب کھل کر مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرے گی۔

کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں پانچ اگست 2019کے بھارتی اقدامات کے بعد بھارت مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے اور مسئلہ کشمیر کو ختم کرنے کے در پہ ہے لہذا ہمیں مسئلہ کشمیر کو دنیا کے ہر فورم پر اُجاگر کر کے انٹرنیشنل کمیونٹی کی حمایت حاصل کرنا ہوگی۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں