اسلام آباد (پی آئی ڈی) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات ،قانون ،انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی نے سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کے بیان کا جواب دیتے ہوے کہا ہے کہ میرے لیڈر عمران خان نے ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو پوری قوت کے ساتھ اجاگر کیا اور عالمی رائے عامہ کو کشمیریوں کے حق میں ہموار کرنے کیلیے بہترین سفارتی کوششیں کیں ۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی وزراء خارجہ کی کانفرنس میں بھی عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور مسلمان ملکوں پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی مدد کو آئیں اس کانفرنس میں آزاد جموں و کشمیر کی قیادت اور حریت قیادت جو خاص طور پر مدعو کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم بیان دینے سے پہلے حقائق چیک کر لیا کریں کیونکہ عمران خان کے دور میں مسئلہ کشمیر پر جو پیشرفت ہوئی ہے ماضی میں اسکی مثال نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے کوٹلی کے جلسے میں ببانگ دہل کہا تھا کہ کشمیری جو چاہیں گے پاکستان اسکے لئے تیار ہے جس جرات اور بہادری سے انہوں نے ہر محاذ پر بھارت کو عالمی سطح پر تنہا کیا اسکی مثال نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم اپنے لیڈر کا کشمیر پر موقف دیکھیں اور آسپر پیشرفت کا جائزہ لیں ان کے لیڈر نے کشمیر پر ہمیشہ موقف کو بدلا ہے اور مسلسل بدلتے رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا یہ عمران خان ہی تھے جنہوں نے دنیا کو مودی کا مکروہ چہرہ دکھایا اور کہا کہ مودی جنونیت کو ہوا دے رہا ہے ۔انہوں نے بھارت میں ہندوتوا کے خطرے سے دنیا کو آگاہ کیا اور کہا کہ دنیا بھارت کے اس خطرے سے آگاہ رہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں