عبوری وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی کی ملاقات آزاد کشمیر کے تاریخی رمضان پیکیج، پہلی پناہ گاہ کے قیام سمیت امور پر بریفنگ

اسلام آباد (پی آئی ڈی) عبوری وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی کی ملاقات۔ ملکی سیاسی صورتحال سمیت حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے آزاد کشمیر کے تاریخی رمضان پیکیج، پہلی پناہ گاہ کے قیام سمیت مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن بیرونی طاقتوں کی آلہ کار نہ بنے بلکہ پاکستان کو مستحکم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے،مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا تقاضا ہے کہ پاکستان مضبوط ہو، سیاسی افراتفری کا خاتمہ ہو، بھارت پاکستان کے اندرونی حالات پر مختلف قسم کا پروپیگنڈہ کر رہا ہے،بھارتی میڈیا کی جانب سے چیخ چیخ کر پاکستان کے اندرونی معاملات پر بحث کرنے سے عیاں ہوتا ہے کہ پاکستان کے دشمن پاکستان کو عدم استحکام کا شکار ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں، اس لیے اپوزیشن کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے۔ پاکستان دشمن قوتیں اس وقت پاکستان کے خلاف سرگرم عمل ہیں، ایسے حالات میں اپوزیشن جماعتوں کا ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ اس وقت تمام جماعتوں کو نئے عوامی مینڈیٹ کی طرف جانا ہو گا، عوامی مینڈیٹ ہی تمام مسائل کا حل ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے الیکشن کا اعلان کر کے بڑے پن کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتیں پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں، اپوزیشن جماعتیں سوچیں کہ اس ساری صورتحال میں کس کو خوش کرنا چاہتی ہیں۔ کل تک اپوزیشن جماعتیں الیکشن کا مطالبہ کر رہی تھیں اور آج الیکشن سے بھاگ رہی ہیں،کیا اپوزیشن اپنی شکست دیکھ کر بھاگ رہی ہے یا کسی اور کو خوش کرنا چاہتی ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی اچھی وکالت کر سکتا ہے،پاکستان کے سیاسی بحران کا حل صرف اور صرف الیکشن میں ہے اس لیے تمام سیاسی جماعتیں عوام کی عدالت میں جائیں اور عوام فیصلہ کریں کہ وہ کس کو حکومت میں لاناچاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو پاکستان و کشمیر کے عوام کی بھرپور حمایت و تائید حاصل ہے، عوام عمران خان کے شا نہ بشانہ اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے تحریک انصاف کے ساتھ ہے۔ عمران خان دوتہائی اکثریت سے دوبارہ حکومت میں آئیں گے۔۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی روشنی غریب اور متوسط طبقے کیلئے تاریخی رمضان پیکج دیا۔ آئندہ عوام کے ریلیف مزید اقدامات کریں گے، انتظامیہ و دیگر افسران کو بتا دیا ہے کہ حکومتی ریلیف عوام تک پہنچنا چاہیے، کسی قسم کی سستی قابل قبول نہیں ہو گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close