وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں آٹے کی قلت کا نوٹس لے لیا

اسلام آبا د (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں آٹے کی قلت کا سخت نوٹس لے لیا۔وزیراعظم نے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری خوراک کو آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ تمام اضلاع میں آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے رمضان پیکج کے مطابق آٹے کی قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی رمضان پیکج پر عملدرآمد یقینی بنانے کے حوالے سے احکامات جاری کئے۔

وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ ماہ رمضان میں شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے رمضان پیکج اور روزہ مرہ کی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر چیک اینڈ بیلنس یقینی بنایا جائے۔حکومت نے تاریخی رمضان پیکج دیا، یہ ریلیف عوام تک پہنچنا چاہیے،۔انہوں نے کہا کہ وافر مقدار میں آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اب جہاں آٹے کی قلت ہو گی، اس کا ذمہ دار وہاں تعینات افسر ہوگا اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ روزمرہ اشیاء کی قیمتوں ہر نظر رکھے اور روزانہ کی بنیاد پر ایک چیک لسٹ جاری کی جائے تاکہ کسی کو بھی رمضان کے مقدس مہینے میں قیمتیں بڑھانے کی جرات نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ یہ ماہ مقدس ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم معاشرے کیسے ہوئے طبقات کا خاص خیال رکھیں اور انہیں یاد رکھیں تاکہ وہ بھی رمضان المبارک کی برکات سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور انتظامیہ مکمل نگرانی رکھے تاکہ عوام کو بھرپور سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close