عربی زبان فصاحت وبلاغت میں اپنا ثانی نہیں رکھتی، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا مائدہ عفان کی کتاب ادب و سماوی کی تقریب پذیرائی سے خطاب

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ قرآن مجید دنیا کا سب سے بڑا ادبی شاہکار ہے۔عربی زبان فصاحت وبلاغت میں اپنا ثانی نہیں رکھتی۔ نزول قرآن کے بعد عہد نبویؐ کے سکہ بند شعرا بھی پکار اٹھے تھے کہ یہ کسی انسان کا کلام نہیں ہوسکتا۔ وہ اسلام آباد میں ممتاز سکالر محترمہ مائدہ عفان کی حال ہی میں شائع ہونے والی کتاب ‘ادب سماوی کی تقریب پذیرائی سے خطاب کررہے تھے۔تقریب میں وزیرحکومت چوہدری اظہر صادق، معاون خصوصی چوہدری محمد اقبال، چیئر مین سرمایہ کاری بورڈ سردار امجد جلیل، صدر کے این ایس سردار زاہد تبسم، ڈائریکٹر جنرل کشمیر لبریشن سیل ارشاد محمود،سینئر صحافی اے آر ساگر و دیگر نے شرکت کی۔

وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کتاب کی منصفہ کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادب سماوی نامی کتاب لکھ کر مائدہ عفان نے مذہبی لٹریچر میں ایک قابل ذکر اضافہ کیا ہے۔ کتاب کا سرسری جائزہ لینے سے اندازہ ہوتاہے کہ صاحب کتاب کی عربی زبان وبیان پر گہری نظر اور مہارت ہے۔ وہ قدیم عربی لڑیچر پر بھی نظر رکھتی ہیں۔ انہوں نے بڑی مہارت اور دلچسپ انداز میں قرآن مجید میں استعمال ہونے والے محاورں اور تشبہیات کی عام قارئین کے لیے تشریح کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کا ہر پہلو معجزہ ہے اور رہتی دنیا تک رشد وہدایت کا منبع رہے گا۔ وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ صدیاں گزرنے کے باوجود دنیا میں آج بھی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب کا نام قرآن مجید فرقان حمید ہے۔ آج بھی ہر سال ہزاروں کی تعداد میں لوگ اس کتاب کے مطالعے کے بعد شرف اسلام قبول کرتے ہیں۔کتاب کی منصفہ مائدہ عفان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم نے قرآن کو محض تلاوت کے لیے طاقوں میں سجا کر رکھا ہے۔

اس پر عمل نہیں کرتے۔ جب جب مسلمانوں نے قرآن مجید کی ہدایات پر عمل کیا تو انہوں نے دنیا پر حکمرانی کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نمل یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر جمیل اصغر نے ادب سماوی کو لٹریچر میں ایک قابل ذکر اضافہ قرارد دیتے ہوئے امید ظاہر کی یہ کتاب علمی حلقوں میں خاطر خواہ پذیرائی حاصل کرے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close