مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ خطے میں اس وقت عمران خان ایک قد آور لیڈر کے طور پر جانے جاتے ہیں جو ہر اندرونی اور بیرونی سازش کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کشمیری دلیر اور خوددار ہیں ہم عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہیں گے۔یہ قوم ایک نڈر اور خوددار قوم ہے قرضے سب لیتے ہیں مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ غلامی قبول کر لیں، یہی عمران خان کا درس ہے کہ سب سے برابری کی سطح پر بات کریں گے۔
اپوزیشن اس ملک کی خودداری کا سودا کر رہی ہے تاریخ ان کو معاف نہیں کرے گی۔خیبر پختونخواہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار وں کی کامیابی قوم کا عمران خان پر اعتماد کا مظہر ہے۔قوم عمران خان اور عمران خان اپنی قوم کے ساتھ ہے۔آزادجموں و کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کروائیں گے تاکہ 30 سال کے سیاسی جمود کو توڑا جا سکے اور نوجوانوں کو اوپر آنے کا موقع ملے۔مقبوضہ کشمیر کے سنگین حالات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ?عالمی اداروں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے صحافت کا گلہ گھونٹنے اور قدغن لگانے کے اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے۔ بھارتی قابض فوج نے سرینگر میں پریس کلب کی عمارت کو تالے لگا کر عملا آزاد صحافت اور صحافیوں کو ختم کرنے کا ایک مکروہ منصوبہ شروع کر دیا ہے اور اسی سلسلے میں قابض فوج نے گزشتہ روز ایک صحافی رئیس بٹ کو جعلی مقابلے میں شہید کیا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے سینئر صحافیوں طارق نقاش اور محمد اسلم میر و دیگر وفود کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ 1990 سے اب تک بھارتی قابض فوج نے معروف صحافی روزنامہ الصفاء کے ایڈیٹر شعبان وکیل اور رائزنگ کشمیر و روزنامہ بلند کشمیر کے ایڈیٹر ڈاکٹر شجاعت بخاری کے علاوہ کئی دیگر صحافیوں کو شہید کیا جبکہ آصف سلطان کی طرح متعدد کو غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر کے صحافیوں کو بیرون ممالک پیشہ ورانہ امور انجام دینے کے ساتھ ساتھ کانفرنسز میں شرکت کرنے سے بھی مسلسل روک رہا ہے۔ بیشتر صحافیوں کو سفری دستاویزات اور پاسپورٹ جاری نہیں کئے جا رہے۔ وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں تحریک آزادی جموں و کشمیر، گڈ گورننس اور آزادنہ صحافت کا فروغ ییوزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں صحافت آزاد ہے اور حکومت ہر طرح سے صحافیوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرئے گی۔
آزاد کشمیر یونیورسٹی میں شعبہ صحافت قائم ہو چکا ہے اور نوجوان بچے اور بچیاں اب اس شعبہ میں آرہے ہیں۔ مظفرآباد کے صحافیوں کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کے دیگر نو اضلاع کے صحافیوں کے مسائل کو بھی حکومت حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ حالیہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا بلدیاتی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی نے ثابت کردیا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا بیانیہ عوام نے تسلیم کر لیا اور دکھا دیا کہ قوم غیرت مند لیڈر کے ساتھ ہے،وزیراعظم عمران خان نے ملک و قوم کے وقار کو بلند کر کے سب کے دل جیت لیے۔۔انہوں نے کہا کہ وہ بھارت کی طرف سے گزشتہ 32 سال کے دوران مقبوضہ ریاست میں ڈھائے گئے بھارتی مظالم کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرانا چاہتے ہیں کہ کس طرح زیرحراست اور فرضی جھڑپوں میں ہزاروں پڑھے لکھے نہتے کشمیری جوانوں کو شہید کیا جارہاہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت پر خصوصی مضمون تحریر کرنے پر گزشتہ تین سال سے ایک عامل صحافی آصف سلطان کو ماورائے عدالت ٹارچر سیل میں رکھا گیا ہے۔وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے عالمی انسانی حقوق کے اداروں اور عالمی صحافتی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں صحافت پر آئے روز پابندیوں، صحافیوں کی گرفتاریوں اورشہادتوں پر بھارت پر دباو ڈالے اور آصف سلطان سمیت دیگر صحافیوں کی رہائی کے لئے کردار ادا کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی قابض فوج نے گزشتہ روز صحافی رئیس احمد بٹ کو فرضی جھڑپ میں شہید کیا۔ عالمی ادارے صحافی رئیس بٹ کی شہادت کا نوٹس لیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں