مظفرآباد (پی آئی ڈی) محکمہ زکوۃ و عشرآزادحکومت ریاست جموں وکشمیر نے رمضان المبارک کے بابرکت دنوں میں ریاست کے مستحقین زکوۃ کو آزادکشمیر زکوۃ فنڈ سے رقم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے زکوۃ کی قسط کی رقم 4,روڑ 94لاکھ61ہزارروپے ریلیز کر دی ہے۔ چیف ایڈمنسٹریٹر زکوۃ و عشر سردار خالد محمود خان کے مطابق رمضان المبارک کی آمد سے ایک ماہ قبل یہ رقم اس مقصد سے ریلیز کی گئی تاکہ بینکوں کی 242برانچز میں کھولے گئے 1449مقامی کمیٹیوں کے اکاؤنٹ میں بروقت منتقل ہو جائے جبکہ رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی آزادکشمیر بھر کے 32008مستحقین زکوۃ کے ذاتی اکاؤنٹ میں اس کی منتقلی کی کارروائی شروع ہو جائے اس طرح یہ افراد رمضان المبارک کے دوران اس رقم کا تصرف عمل میں لا سکیں گے۔
یہ ہر مستحق زکوۃ کو دوران مالی سال ادا ہونے والی رقم کا دوسرا حصہ ہے جو کہ آزادکشمیر میں نظام زکوۃ کی شفافیت اور استحکام کی خاطر ان کے ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کیا جاتا ہے جہاں سے وہ جب چاہیں خود یہ رقم حاصل کر سکتے ہیں۔ رواں مالی سال کے دوران زکوۃ کونسل نے مستحقین زکوۃ کی رقم دو اقساط میں منتقل کرنے کی پالیسی جاری کی تاکہ مقامی زکوۃ کمیٹیوں کے اکاؤنٹس سے ٹرانزیکشن کا عرصہ چھ ماہ سے کم ہوا اور اس طرح ان کو ڈارمنٹ ہونے س بچایا جا سکے۔
اس کا فائدہ مستحقین زکوۃ کو بھی ہو گا اور ان کے ذاتی اکاؤنٹس بھی ایکٹو رہیں گے۔ مستحقین زکوۃ کو بہر صورت 15رمضان المبارک تک ادائیگی یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات اور نگرانی کی جا رہی ہے اور پہلے مرحلہ میں رقم ہر مقامی کمیٹی کے اکاؤنٹ میں براہ راست پہنچ چکی ہے جبکہ مقامی زکوۃ عشر کمیٹیوں کی تشکیل کی کارروائی بھی تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ آزادکشمیرمیں نظام زکوۃ مکمل طور پر جلد از جلد فعال ہو جائے۔ دوسری جانب آٹھ ضلع زکوۃ و عشر کمیٹی ہا کے چیئرمین صاحبان کی تعیناتی ہو چکی ہے،
جنہوں نے فرائض انجام دینا شروع کر دیے ہیں اور ان اضلاع کے تحت نئی مقامی کمیٹیوں کی تشکیل بھی خصوصی طور پر جا ری ہے۔ اگر کسی کمیٹی کا اکاؤنٹ فعال نہ ہو تو دفتر ضلع زکوۃ و عشر کمیٹی میں تعینات ضلع زکوۃ افسر فوری طور پر ضروری کاروائی انجام دینے کا پابند ہو گا۔ رقم مستحقین کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی کاروائی بینک کی متعلقہ برانچ زکوۃ کونسل کی پالیسی کے مطابق خود انجام دیتی ہے۔مستحقین زکوۃ کی جاری شدہ فہارس اس سے قبل ہی بینکوں کی متعلقہ برانچز پر موجود ہیں جبکہ ادائیگی میں ہر قسم کی رکاوٹ کے حل کے لیے محکمہ زکوۃ و عشر کی جانب سے بینکوں کے اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطہ قائم رکھا گیا ہے۔
محکمہ زکوۃ و عشر نے خصوصی طور پر صاحب ثروت افراد سے یہ اپیل ہے کہ وہ اپنی جانب سے زکوۃ کے عطیات محکمہ زکوۃ وعشر کو ادا کریں تاکہ ریاست کا یہ ادارہ بہتر انداز میں غرباء و مساکین کی مالی اعانت کر سکے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں