جہاں آپ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں، وہاں پر اپنے آبائی علاقے کو بھی یاد رکھیں، صدر آزاد کشمیر کی کانووکیشن میں نئے ڈاکٹروں کو ہدایت

مظفرآباد (پی آئی ڈی) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہم آزاد کشمیر میں جدید تدریسی سہولیات کے حامل اداروں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں ہماری کوشش ہے کہ ہم آزاد کشمیر میں تعلیمی اداروں کو بہترین سہولیات سے آراستہ کریں اور حکومت اس سلسلے میں اپنی ہر طرح کی مدد اور تعاون فراہم کرے گی۔

مجھے یہ جان کر بے حد اطمینان اور خوشی ہوئی ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالج نے جدید تدریسی طریقہ تعلیم Integrated Spiral Modular System کا انتخاب کیا ہے، اس پر میں میڈیکل کالج کے پرنسپل اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آزاد جموں وکشمیر میڈیکل کالج آزاد کشمیر کے دیگر تدریسی اداروں کے لیے قابل تقلید ادارہ بن چکا ہے۔ آج آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالج کا تیسرا کانووکیشن ہے اور میں آپ طلبا و طالبات سے کہوں گا کہ جہاں آج آپ کو ڈگری دی جا رہی ہے وہاں پر آپ کو اس عہد کا اعادہ بھی کرنا چاہیے کہ آپ جہاں اخلاقی اقدار کو قائم رکھیں گے وہاں انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے اور انسانیت کو درپیش مشکلات کو کم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔آپ خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو مسیحائی کے پیشے کے لیے منتخب کیا ہے جس سے آپ کی دنیا اور آخرت دونوں سنور سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالج کے تیسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس کانووکیشن میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ جہاں آپ دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے وہاں پر اپنے آبائی علاقے کو بھی بالخصوص یاد رکھیں اگر وہ پسماندہ ہے تو اپنے لوگوں کو مت بھولیں اور اپنی عملی زندگی کا حصہ اپنے علاقے کے لوگوں کے لیے بھی وقف کریں۔ اس موقع پر میں حکومت آزاد کشمیر پر بھی زور دوں گا کہ وہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں تعینات ہونے والے ڈاکٹر صاحبان کو پہلے سے دی جانے والی سہولتوں میں مزید بہتری لائیں تاکہ وہ دور دراز علاقوں میں جانے اور وہاں کے لوگوں کی خدمت میں رغبت سے کام لیں۔ میں اس موقع پر آج یہاں ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان طلباء و طالبات کے لیے دعا گو ہوں کہ وہ اپنی عملی زندگی میں کامیاب اور کامران ہوں۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close