وزیراعظم آزاد کشمیر کی 15 سال بعد تاریخی رمضان پیکج کا اعلان، رمضان المبارک میں فی من آٹے پر 400 روپے سبسڈی دی جائیگی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیو م نیازی کا آزادکشمیر کے عوام کے لیے15سال بعد تاریخی رمضان پیکج کا اعلان۔ حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے رمضان المبارک میں فی من آٹا پر 400روپے کی سبسڈی دی جائیگی۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی جانب سے رمضان پیکج کے تحت مجموعی طور پر56کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔

آزادکشمیر کے تمام شہریوں کو فی من آٹا400روپے سستا فراہم ہوگا۔ مظفرآباد میں سینٹرل پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لینے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے حکومت کی جانب سے سینٹرل پریس کلب ہاؤسنگ کالونی بنانے اور سینٹرل پریس کلب کیلئے15لاکھ روپے دینے کا اعلان کیااور نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔ تقریب حلف برداری میں اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر، وزراء حکومت خواجہ فاروق احمد، دیوان علی خان چغتائی، چوہدری محمد رشید، ممبر اسمبلی سردار جاوید ایوب، چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن و جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر راجہ منصور خان،سیکرٹری انڈسٹریز سید ظہور الحسن گیلانی، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال، چیئرمین ترقیاتی ادارہ مظفرآباد سید اظہر گیلانی،کمشنرمظفرآباد ڈویژن مسعودالرحمان،مختیار عباسی، ڈائریکٹرجنر ل سیاسی امور وزیراعظم سیکرٹریٹ محسن علی اعوان سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہاکہ سینٹرل پریس کلب کا کردار تحریک آزادی کشمیر اور آزاد خطہ کی تعمیر وترقی کے حوالہ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ہندوستان کے 05اگست2019کے اقدا م کے بعد بیس کیمپ کے دارلحکومت کے پریس کلب کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، حکومت اپنی ذمہ داری پوری کریگی۔ سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ اقوام متحدہ سے اسلامو فوبیا کے حق میں قرارداد پاس ہونا عمران خان اور حکومت پاکستان کی کامیابی ہے۔اس قرارداد کی منظوری سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو بھی سکون ملا۔ وزیراعظم پاکستان کی کاوشوں کی جانب سے او آئی سی کا تاریخی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا اور او آئی سی نے قرارداد کے ذریعے ہندوستان سے مقبوضہ کشمیر کی 5اگست 2019والی پوزیشن بحال کرنے کا مطالبہ کیا یہ عمران خان کا کریڈٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان مسلمانوں بالخصوص پاکستان اور کشمیریوں کے خلاف جو اقدامات کررہا ہے اس سے قیام پاکستان کا نظریہ پھر درست ثابت ہورہا ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پریس کلب کی ضروریات کو پورا کریں گے۔ پریس کلب کی ہاؤسنگ کالونی میں جدید دور کے مطابق بنیادی سہولیا ت کے حوالہ سے پی سی ون تیار کیا جائے۔ آئندہ بجٹ میں پریس کلب ہاؤسنگ کالونی کیلئے فنڈز رکھیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر پر آزادکشمیر کی تمام سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے۔ گزشتہ دنوں جس طرح آل پارٹیز کشمیر کانفرنس اور کشمیری ریلیاں منعقد کی گئیں اس پر آزادکشمیر کی سیاسی قیادت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

قبل ازیں وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے پریس کلب کے نو منتخب عہدیدران صدر سید آفاق حسین شاہ، سینئر نائب صدر شہزاد لولابی، نائب صدر تنویر تنولی، سیکرٹری جنرل مسعود الرحمان عباسی، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سفیر رضا، سیکرٹری مالیا ت انصر خواجہ،جائنٹ سیکرٹری گلزار عثمانی اور سیکرٹری اطلاعات نصیر چوہدری سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ پریس کلب کے نومنتخب صدر سید آفاق حسین شاہ نے وزیراعظم آزادکشمیر کا تقریب حلف برداری میں آمد پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر کی جانب سے سینٹرل پریس کلب ہاؤسنگ کالونی بنانے اور پریس کلب کیلئے15لاکھ روپے کے اعلان پر سینٹرل پریس کلب کے عہدیداران کی جانب سے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close