عمران خان کی کمال مہربانی اور شفقت کی وجہ سے آج آزاد کشمیر کے ہر شہری کے پاس 10 لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے عوام کو عمران خان کے ویژن کے مطابق صحت کی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے، عمران خان کی کمال مہربانی اور شفقت کی وجہ سے آج آزادکشمیر کے ہر شہری کے پاس 10لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس ہے، پاکستان کو ہیلتھ کا جونظام وزیراعظم عمران خان نے دیا ہے اس کی مثال دنیا میں بہت کم ملتی ہے۔

آزادکشمیر میں میڈیکل یونیورسٹی ضرورت ہے جس کیلئے جلد پی سی ون تیار کیا جائیگا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو جس انداز میں اجاگر کیا اس سے،اس پار کشمیریوں کو بھی مثبت پیغام گیا ہے، انشااللہ بہت جلد مقبوضہ کشمیر بھی ہندوستان کے تسلط سے آزاد ہوگا۔ آزادکشمیر میں میڈیکل کالجز کے قیام کے حوالہ سے حکومت پاکستان کے فراخدلانہ تعاون پر شکر گزار ہیں۔ آزادکشمیر میں کم وسائل کی بناء پر شعبہ صحت میں کافی بہتری کی گنجائش ہے۔ہیلتھ کے نظام کو مزید بہتر بنائیں گے۔ ڈاکٹرز لوگوں کیلئے مسیحا ہیں،آزادجموں وکشمیر میڈیکل کالج سے فارغ التحصیل ڈاکٹر ز عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ ان خیالات کااظہار وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے آزادجموں وکشمیر میڈیکل کالج مظفرآباد کے تیسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانووکیشن سے صدر پاکستا ن ڈاکٹر عارف علوی،صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری،پرنسپل میڈیکل کالج مظفرآباد ڈاکٹر ملازم حسین بخاری، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور ڈاکٹر جاوید اکرم اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر آزادکشمیر کے وزراء حکومت خواجہ فاروق احمد، چوہدری محمد رشید، اظہر صادق، سردار محمد حسین، ظفراقبال ملک، چیف سیکرٹری آزادکشمیر شکیل قادر خان، چیئرمین معائنہ کمیشن راجہ منصور خان،انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک، سیکرٹری صاحبان حکومت،،سربراہان محکمہ جات، میڈیکل کالج کے فیکلٹی ممبران، میڈیکل کالج کے طلباء و طالبات، والدین اور دیگر نے شرکت کی۔ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ میڈیکل کالج مظفرآباد ایک شاندار ادارہ ہے۔ مجھے امید ہے کہ میڈیکل کالج جس انداز سے ترقی کررہا ہے اس سے بہت جلد آزادکشمیر میں صحت کی تمام جدید ترین سہولیات میسر ہوں گی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ تقریب میں شرکت پر صدر پاکستان عارف علوی کی علم دوستی کا مظہر اور اس خطہ سے ان کی بے لوث وابستگی کا اظہار ہے۔ صدر پاکستان کوآزادکشمیر تشریف لانے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں۔وزیر اعظم آزادکشمیر کے آزادکشمیر میں یونیورسٹی کے قیام کے مطالبے پرصدر پاکستان نے کہاکہ پی سی ون تیار کر کے ارسال کیا جائے بھرپور انداز میں تمام معاملات کو یکسو کرکے یونیورسٹی بنائیں گے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close