جموں وکشمیر لبریشن سیل کی تنظیم نو، وزیراعظم آزاد کشمیر کا جموں و کشمیر لبریشن کمیشن بنا کر سیاسی بھرتیوں سے پاک کرنے کا فیصلہ

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا جموں وکشمیر لبریشن سیل کی تنظیم نو کرتے ہوئے جموں وکشمیر سیل کے بجائے جموں وکشمیر لبریشن کمیشن بنا کر اسے سیاسی بھرتیوں سے پاک کرنے کا فیصلہ۔لبریشن کمیشن میں مبصرین اور محققین کی خدمات لی جائیں گی اور کمیشن کے پلیٹ فارم سے تحریک آزادی کشمیر کوموثر اندازمیں اجاگر کیا جائے۔

لبریشن کمیشن تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے بیانیہ کے فروغ سمیت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اقدامات کریگا۔ اس کا بات فیصلہ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت جموں وکشمیر لبریشن سیل کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فیاض علی عباسی، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، سیکرٹری سروسز ظہیر الدین قریشی، سیکرٹری لبریشن سیل اعجاز احمد لون ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر کو سیکرٹری لبریشن سیل نے ادارے کی تنظیم نو کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ وزیراعظم آزادکشمیر کہاکہ بدقسمتی سے جس مقصد کیلئے اس ادارے کا قیام عمل میں لایا گیا وہ پورا کرنے کے بجائے اسے سیاسی بھرتیوں کا ادارہ بنا دیا گیا، لبریشن سیل کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے تھا،یہ سیل کشمیر کاز کیلئے بنایا گیا تھا اسے اسی مقصد کیلئے ہی استعمال کر یں گے،سیل کی جلد تنظیم نو کر کے اسے تحریک آزادی کشمیر کیلئے استعمال کریں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے، بیس کیمپ کی حکومت تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے اپنی ذمہ داری پوری کریگی، تحریک آزادی کشمیر ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close