اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کی حکومت نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق آزادخطہ کے اندر میرٹ کی بالا دستی کا تہیہ کر رکھا ہے۔ میرٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ ترقیاتی منصوبوں میں ریاست کے ان علاقوں کو ترجیح دی جا رہی ہے جہاں ترقی کی شرح کم ہے۔
کشمیر ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت بڑے منصوبے شروع کرنے جا رہے ہیں جس سے ریاست میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔وزیراعظم پاکستان عمران خان نے جو ویژن دیا ہے وہ ترقی کا استعارہ ہے ملک کو عمران خان کی قیادت میں ہی آگے بڑھنا ہے۔آزادجموں و کشمیر کے دس اضلاع اور مہاجرین مقیم پاکستان کے بارہ حلقوں سے کشمیری عوام نے پریڈ گراؤنڈ کے تاریخ ساز جلسے میں بھرپور شرکت کر کے عمران خان کے ساتھ جس عظیم یکجہتی کا اظہار کیا اس پر ان کا مشکور ہوں۔آزادجموں و کشمیر میں عدلیہ بحران کے خاتمے کا کریڈٹ بھی ہماری حکومت کو حاصل ہوا اللہ کے فضل سے یہاں بھی میرٹ کا بول بالا ہوا جس پر کسی کو انگلی اٹھانے کا موقع نہیں ملا۔ہم نے میرٹ کی پاسداری کا تہیہ کر رکھا ہے یہی وجہ ہے کہ ایڈہاک ایکٹ جیسے کالے قانون کو ختم کر دیا۔ان والدین کو مایوس نہیں ہونے دیں گے جو اپنا آج بچوں کی تعلیم کے لیے قربان کرتے ہیں،ایڈہاک ایکٹ ختم کر دیا گیا ہے، ہمارا مقصد کسی ملازم کو بیروزگار کرنا نہیں بلکہ آئین اور قانون کی بالادستی یقینی بنانا ہے، پبلک سروس کمیشن کو فعال بنائیں گے اور میرٹ کی پامالی نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے ان خیالات کا اظہار وزراء حکومت خواجہ فاروق احمد، فہیم ربانی، دیوان علی چغتائی، اظہر صادق، ملک ظفر، نثار انصر ابدالی اور چوہدری رشید سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ترقیاتی منصوبوں، حکومتی، سیاسی سمیت مختلف اہم ایشوز پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ پسماندگی کا خاتمہ ہمارا مشن ہے، کوٹلی کو بگ سٹی کا دتجہ دینے کا اعزاز بھی ہماری حکومت کو حاصل ہوا، ابھی کئی کام کرنا ہیں ہماری کوشش ہے کہ ریاست کے عوام کی خوشحالی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں جملہ سرکاری محکموں میں میرٹ کے مطابق تعیناتیوں کو یقینی بنائے گی اور میرٹ کی بالا دستی اور میرٹ کے نفاذ کے لیے شفا ف سسٹم لاگو کیا جائے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر روزگار کا بڑا ذریعہ سرکاری ملازمتیں ہیں اور سفارشی کلچر کے باعث تعلیم یافتہ بے سہارا نوجوان اپنے اس حق سے محروم رہ جاتے ہیں۔ سفارشی کلچر کے باعث غیر مستحق افراد ملازمتوں پر تعینات ہو جاتے ہیں۔
اب اس نظام کو ختم کر دیا ہے اب وہی سرکاری ملازمت حاصل کر سکے گا جو اس کا اہل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت آئین و قانون کی حکمرانی اور میرٹ کی بالا دستی کے لیے وہ تمام تر اقدامات اٹھائے گی جس سے عام آدمی کا ریاست پر اعتماد بحال ہو۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کہا کہ بلدیاتی الیکشن ہماری حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہو گی، بلدیاتی الیکشن کے ذریعے عام آدمی کو اقتدار میں حصہ ملے گا اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی روشنی اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرنے کا وعدہ بھی وفا ہو گا، کرپشن کیلئے احتساب کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں