مظفرآباد (پی آئی ڈی) چیف الیکشن کمشنر آف آزادجموں وکشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا کی زیر صدارت آزادکشمیر کے آمدہ بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کے حوالہ آزادکشمیر کی سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے سینئر رکن راجہ محمد فاروق نیاز اورالیکشن کمیشن کے رکن فرحت علی میر بھی موجود تھے
جبکہ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل وچیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن راجہ منصور خان، آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر مرزا شفیق جرال، پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے رہنما شوکت جاوید، جموں وکشمیر لبریشن لیگ کے صدر خواجہ منظور قادر، جمعیت علما اسلام جموں وکشمیر مولانا محمود الحسن اشرف، جمعیت علماء اسلام جموں وکشمیر کے امتیاز عباسی، جمعیت علما جموں وکشمیر کے الطاف حسین، جموں وکشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے سردار بابر حسین،اللہ توکل پارٹی کے طاہر فاروق، عام آدمی پارٹی کی نسرین فاروق، رائے حق پارٹی کے سردار آصف، پی پی بھٹو شہید کے سردار محمدر رفیق، جمعیت الحدیث کے محمد امین بٹ، ایم کیو ایم کے عزت علی، تحریک نوجواناں کے راجہ ظہیر ودیگر نے شرکت کی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر نے اجلاس کو بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں شرکاء سے بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے تجاویز لی گئیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں امسال اگست سے قبل آزادکشمیر میں بہر صورت بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔
اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا کام مکمل کر لیا ہے جبکہ انتخابی فہرستوں کی وارڈ وائز تیاری کا عمل جاری ہے جس کیلئے سیاسی جماعتوں کا تعاون درکار ہے۔ ووٹر فہرستوں میں ووٹ کے اندراج کیلئے اہل افراد15اپریل تک اپنا ووٹ اپنے متعلقہ وارڈ میں درج کروا سکتے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے اپیل ہے کہ وہ عوام الناس کو انتخابی فہرستوں میں ووٹ کے اندراج کے حوالہ سے آگاہی فراہم کریں۔ ووٹ کا اندراج ہر ووٹر کی قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے مطابق بلدیاتی الیکشن اگست سے قبل ہر صورت ہوں گے۔ووٹ کا اندراج ہر شخص کی قومی ذمہ داری ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اس سلسلہ میں اپیل کریں کہ وہ ووٹر رجسٹریشن کے عمل میں عوام الناس کی بھرپور شرکت کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور لوگوں کو ووٹر رجسٹریشن کے حوالہ سے آگاہی دیں۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق حلقہ بندیوں کا کام مکمل کر لیا جبکہ ووٹر رجسٹریشن کا عمل جاری ہے جو کہ پندرہ اپریل تک جاری رہے گا۔ ایسے افراد جن کی عمر 10مارچ2021تک اٹھارہ سال ہو گئی ہے وہ پندرہ اپریل تک رجسٹریشن افسر کے پاس اپنا ووٹ درج کروا سکتے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے رکن فرحت علی میر نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے ہمیشہ حق رائے دہی کی حفاظت کی کوشش کی ہے۔ اجلاس میں شریک تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے جو تجاویز آئی ہیں انکا خیر مقدم کرتے ہیں، سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن کے کردار کو سراہنے پر بھی ان کے شکرگزار ہیں، آزادکشمیر میں سپریم کورٹ ک فیصلے کے مطابق آزادکشمیر میں بلدیاتی الیکشن اگست سے قبل ہر صورت ہوں گے۔ بلدیاتی الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے جبکہ اس کیلئے انتظامی و مالیاتی معاملات حکومت کی ذمہ داری ہے۔ آزادنہ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے انتخابی فہرستوں میں تمام اہل ووٹر ز کا اندراج ضروری ہے، اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی فہرستوں کی تیاری کا عمل جاری ہے۔ایسے افراد جن کی عمر رواں سال دس مار چ تک اٹھارہ سال ہوئی ہے اور انکا ووٹ درج نہیں وہ پندرہ اپریل تک اپنے ووٹ کا اپنے متعلقہ وارڈ میں اندراج کروائے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے حکومت کو بلدیاتی انتخابات کے لیے فنڈز کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن حکومت کی جانب سے اب تک صرف تیرہ کروڑ روپے دیے گئے، فنڈز کے بغیر کام کرنے مشکل ہے۔ اجلاس میں تحریک انصاف آزادکشمیر کے بانی صدر راجہ مصدق کی وفات پر ان کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے نمائندگان نے بلدیاتی انتخابات کے لیے آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی کاوشوں کو سراہا اور الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل راجہ منصور خان نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر اور الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے سنجیدہ ہے، بلدیاتی انتخابات کا انعقاد تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے۔ حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ بھرپور تعاون کریگی اور ہماری جماعت بھی۔ انتخابی فہرستوں میں ووٹ کے اندراج کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کو اس سلسلہ میں موومنٹ ڈویلپ کرنے کی ضرورت ہے۔آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر مرزا شفیق جرال نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے کردار کو سراہتے ہیں، بلدیاتی الیکشن تعمیر وترقی اور نئی قیادت کیلئے ضروری ہیں۔ بلدیاتی الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن اور حکومت کی اچھی کوشش ہے۔ پیپلز پارٹی کے شوکت جاوید میر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعتوں سے مشاورت اچھا اقدام ہے جس کو سراہتے ہیں۔ پارلیمنٹیرین سے بھی اس سلسلہ میں مشاورت کی جائے۔ لبریشن لیگ کے صدر خواجہ منظور قادرنے کہا کہ الیکشن کمیشن بہترین کام کررہا ہے، بلدیاتی الیکشن کے حوالہ سے الیکشن کمیشن کی جانب سے مشاورت اچھا اقدام ہے۔ مولانا محمود الحسن اشرف نے اس موقع پر گزشتہ عام انتخابات کے منصفانہ، غیر جانبدرانہ اور آزادانہ انعقاد پر الیکشن کمیشن کو مبارکباد دی جبکہ جلاس میں شریک دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندگان نے بھی بلدیاتی الیکشن کے حوالہ سے الیکشن کمیشن کے اقدامات کی تعریف کی۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں