آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کے رکن فرحت علی میر کی انتخابی فہرستوں پر نادرا حکام سے میٹنگ

اسلام آباد ( پی آئی ڈی آزاد کشمیر) آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے رکن فرحت علی میر نے نادرا ہیڈ کوارٹرز میں آزادکشمیر کےآمدہ بلدیاتی انتخابات کے لیے گزشتہ عام انتخابات 2021 میں استعمال ہونے والی ووٹر فہرستوں کی اپ ڈیشن اور انتخابی فہرستوں کی نئی حلقہ بندیوں کے مطابق وارڈوائز اپ ڈیشن کے حوالہ سے آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی نادرا سافٹ وئیر تک رسائی کے لیے نادرا حکام کے ساتھ خصوصی میٹنگ کی ۔

آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نادرا کے ساتھ مل کر عام انتخابات 2021 کے بعد جن افراد کی عمر اٹھارہ سال ہوئی اور وہ ووٹ دینے کے اہل ہوئے ہیں ان افراد کو نادرا میں موجود ڈیٹا کے ذریعے انتخابی فہرستوں میں شامل کریگا۔ جبکہ نئی حلقہ بندیوں کے تحت انتخافی فہرستوں کی وارڈ وائز اپ ڈیشن کے حوالہ سے نادرا کے سافٹ وئیر تک رسائی سے آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کو انتخابی فہرستوں کے عمل کی بروقت تکمیل میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فرحت علی میر نے کہا کہ نادرا کے ساتھ مل کر بلدیاتی انتخابات کے لیے انتخابی فہرستوں کی وارڈ وائز اپڈیشن اور CNICs کے ڈیٹا کو محفوظ کرنے کے حوالہ سے نادرا سافٹ وئیر تک رسائی سے آزادکشمیر میں بروقت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں مدد ملے گی ۔ انتخابی فہرستوں کی نئی حلقہ بندیوں کے مطابق وارڈوائز اپ ڈیشن کے حوالہ سے آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے رجسٹریشن آفیسرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور اس سلسلہ میں رجسٹریشن آفیسرز کی جانب سے کام شروع کر دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آمدہ بلدیاتی انتخابات کے لیے آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا کام مکمل کر لیا ہے ،الیکشن کمیشن کو نادرا کے سافٹ وئیر اور اسکی تکنیکی مدد کی ضرورت ہے تاکہ ووٹر فہرستوں کی بروقت اپ ڈیشن کو یقینی بنایا جا سکے اور اگست 2022 سے پہلے بلدیاتی الیکشن کروائے جا سکیں ۔ اس موقع پر طے پایا کہ آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن جلد ہی نادرا کے ساتھ ایک معاہدہ کریگا تاکہ ہر بار انتخابات سے قبل Field Verificationکیے بغیر انتخابی فہرستوں کی تواتر کے ساتھ اپڈیشن ہو اور ہربار الیکشن سے قبل فیلڈ میں جاکر ووٹر فہرستوں کی تیاری نہ کرنا پڑے بلکہ نادرا کے سسٹم کے تحت انتخابی فہرستیں سسٹم کے تحت اپ ڈیٹ ہوتی رہیں۔ اس معاہدے کے تحت نادرا آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کو ڈیٹا فراہم کریگا جس کے تحت انتخابی فہرستیں، مستقبل پتہ،فوت شدگان، نئے ووٹرز کا اندراج خود بخود اس ڈیٹا میں شامل ہوتا رہے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close