چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی وزیر اعظم آزاد کشمیر سے ملاقات، سیاحت کے فروغ، صنعتی ترقی، ہائیڈل پاور پراجیکٹس سے متعلق امور پر گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی کشمیر ہاؤس اسلام آباد آمد، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے ملاقات، ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ، صنعتی ترقی، آزاد کشمیر میں ہائیڈل پاور پراجیکٹس سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر سینیٹر نصیب اللہ اور آزاد کشمیر کے وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر ملک بھی موجود تھے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی دلچسپی سے آزاد کشمیر کے اندر تاریخ کے بڑے منصوبوں کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، آزاد کشمیر کے لئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے تاریخی میگا پراجیکٹس کی منظوری دی ہے، آزاد کشمیر کے اندر سیاحت،ہائیڈل، معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔حکومت آزاد کشمیر آزاد خطہ کے اندر سرمایہ کاری کرنے والوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے حکومت نے جاندار اور موثر پالیسی ترتیب دے رکھی ہے اور سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات کی پیشکش کی گئی ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وفاق کے تعاون سے آزاد کشمیر کے اندر کشمیر ہائی وے، لوہار گلی ٹنل، لیپہ ٹنل سمیت دیگر بڑے منصوبے شروع کرنے جا رہے ہیں ان منصوبوں پر کام کے آغاز سے آزاد کشمیر میں روزگارکے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے آزاد کشمیر میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ حکومت آزاد کشمیر عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد خطہ میں تعمیر و ترقی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کا لا رہی ہے۔ آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام ان کے ثمرات سے بھی مستفید ہو سکیں۔ حکومت آزاد کشمیر نے جاریہ منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لئے کام کی رفتار میں تیزی لائی ہے اس وقت آزاد کشمیر بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزرفتاری سے جاری ہیں۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں میگا پراجیکٹس پر پیش رفت خوش آیند ہے۔

آزاد کشمیر میں میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے مقبوضہ کشمیر میں مثبت پیغام جائے گا۔پاکستانی قوم اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ کشمیریوں اور پاکستانیوں کا ایک تاریخی نظریاتی رشتہ ہے جو مضبوط بنیادوں پر استوار ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر پی ٹی آئی کی حکومت وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں درست سمت پر گامزن ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی باعث اطمینان ہے۔ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لئے بھر پور تعاون کیا جائے گا اور حکومت آزاد کشمیر کی ہر طرح سے مدد کی جائے گی۔آزاد کشمیر کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کے لئے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں