صدر آزاد کشمیر کی زیر صدارت کوٹلی یونیورسٹی کے سینیٹ کا اجلاس، کوٹلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے لیے سرچ کمیٹی تشکیل دے دی گئی

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدرریاست آزاد جموں و کشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹیز بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی زیر صدارت کوٹلی یونیورسٹی کے سینٹ کا اجلاس ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر کوٹلی یونیورسٹی کے سینٹ اجلاس میں وائس چانسلر کوٹلی یونیورسٹی جن کی مدت 19ستمبر2022کو ختم ہو رہی ہے۔

لہذا نئے وائس چانسلر کی تقرری کے لئے سرچ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ جس کے کنونیئر پروفیسر ڈاکٹر رضا بھٹی وائس چانسلر شیخ ایاز یونیورسٹی شکارپور ہونگے جبکہ ممبران میں بریگیڈئیر (ر) طاہر جرال، پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا وائس چانسلر لاہور کالج فار وویمن یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم بیگ نیشنل پروفیسر نیشنل سنٹر فار فزکس قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد، پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ امین قادر سابق وائس چانسلر فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی راولپنڈی، شاہد محی الدین سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن گورنمنٹ آف آزاد جموں وکشمیراورجسٹس اظہر سلیم بابر سابق چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر ہائیکورٹ شامل ہیں۔ اسی طرح وائس چانسلر کی تقرری کے لئے قواعدجائزہ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

قواعد جائزہ کمیٹی میں سرچ کمیٹی کے کنونیئر پروفیسر ڈاکٹر رضا بھٹی، پروفیسر ڈاکٹر اسلم بیگ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندہ(ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے برابر) ہونگے جبکہ صدارتی سیکرٹریٹ کی طرف سے سیکرٹری صدارتی امور ڈاکٹر سید آصف حسین ہونگے۔دریں اثناء کوٹلی یونیورسٹی کا تیسرا کانووکیشن 30مارچ بروز بدھ کوٹلی یونیورسٹی میں منعقد ہو گا۔ جس میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر و چانسلریونیورسٹی آف کوٹلی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close