اسلام آباد (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نےکہا ہے کہ قوم عمران خان کے ساتھ ہے کشمیریوں کے محسن ،آزاد خارجہ پالیسی کے خالق اور پاکستان کی ترقی کی علامت عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے ۔آج پریڈ گراؤنڈ کا تاریخی جلسہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کو بدل کر رکھ دیگا ۔قوم عمران خان کے ساتھ ہے نوجوان عمران خان کی آواز پر لبیک کہنے کیلیے پرجوش ہیں ۔آج کا پاکستان ترقی کی سمت گامزن جبکہ متوسط طبقے کیلیے روشن کل کی علامت ہے ۔
قوم دیکھ رہی ہے کہ کس طرح پاکستان کو غلامی کی دلدل میں دھکیلنے والا طبقہ ملک کو پھر اندھیرے میں دھکیلنے کیلیے پر تول رہا ہے مگر انہیں ناکامی ہو گی ۔کل کا مورخ یہ لکھنے پر مجبور ہو گا کہ کس طرح عمران خان نے ملک کو دلیرانہ انداز میں لیڈ کرتے ہوے غیروں کی غلامی سے نکالا ۔آج ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے کیونکہ عمران خان نے وزیراعظم کے منصب کو قابل عزت بنا کر دنیا میں پاکستان کے وقار کو بلند کیا ہے۔
عمران خان قائد اعظم اور علامہ اقبال کے نظریات کے وارث ہیں ان کا دبنگ انداز دشمن پر ہیبت طاری کر دیتا ہے ۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اپنے خصوصی بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں گذشتہ تیس سال سے مسلط کرپٹ ٹولے کے خلاف عمران خان کی تاریخی جدوجہد پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک روشن باب ہے پاکستانی قوم کو غلامی کی دلدل میں دھکیلنے اور قومی سوچ کو غلامانہ سوچ میں بدلنے والے سیاسی بے راہرو اب بھی پرانے حربے آزمانہ چاہتے ہیں مگر ان کو ناکامی کے سوا کچھ نہ ملے گا ۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاہین سوچ کے علمبردار عمران خان ملک اور قوم کو حضرت قائداعظم اور حضرت علامہ اقبال کے افکار و نظریات کے مطابق ایک باوقار ملک اور فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلیے سرگرم عمل ہیں اور ان کا یہی کام انٹرنیشنل لابی اور ملک میں سیاہ رات مسلط کرنے والے کرپٹ ٹولے کو ہضم نہیں ہو رہا مگر تمام سازشیں ناکام ہونگی اور عمران خان سرخرو ہونگے ۔انہوں نے کہا کشمیری عوام اپنے بہادر اور خوددار لیڈر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور وہ آج کے تاریخی جلسے میں بھرپور شرکت کر کے یہ ثابت کریں گے کہ کشمیری غیور ،بہادر اور جرات مند لیڈر کی قدر کرتے ہیں ،
عمران خان وہ پہلے حکمران ہیں جنہوں نےبھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کربات کی اور خطے میں اسکی چوہدراہٹ کو چیلنج کرتے ہوے اسے اپنی اوقات میں رکھا یہی وجہ ہے کہ اب بھارت اپنی اوقات میں رہ کر بات کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میسلی ،لوئر دیر ،حافظ آباد ،مانسہرہ ،سوات ،اور کمالیہ میں عوام کے سمندر نے یہ بتا دیا ہے کہ وہ اکیلے نہیں ہیں قوم ان کی پشت پر ہے کیونکہ باوقار پاکستان کا خالق عمران خان قوم کا درد رکھنے والے ایسے بہادر حکمران ہیں جو پاکستان کو جنوبی ایشیاء کا معاشی ٹائیگر بنانے کیلیے سرگرم عمل ہیں اور وہ اپنی اس جدوجہد میں عوام کی۔طاقت سے کامیاب ہونگے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں