پریڈ گراؤنڈ جلسہ، وزیراعظم آزاد کشمیر نے علامہ اقبال پارک کے قریب انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے کیمپ کا افتتاح کر دیا

راولپنڈی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے علامہ اقبال پارک کے قریب انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کی جانب سے لگائے گئے کیمپ کا افتتاح کر دیا۔وزیراعظم کے ہمراہ ڈپٹی اسپیکر ریاض گجر، وزراء حکومت ملک ظفر اقبال،دیوان علی چغتائی اور چوہدری رشید بھی موجود تھے۔وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی جب پریڈ گراؤنڈ جلسے کے سلسلے میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے کیمپ کا افتتاح کرنے پہنچے تو نوجوانوں کی بڑی تعداد نے چوہدری عمیر شوکت،وسیم عباسی،عمر حسین ملک،چوہدری ارسلان،آفاق ترین ملک شاہد،سہیل چوہدری،زین احمد سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔فضاء جیوے عمران خان اور جیوے قیوم نیازی کے نعروں سے گونج اٹھی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوے وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اس ملک اور قوم کے نجات دہندہ ہیں۔ عمران خان نے مدینے کی ریاست کی طرز پر پاکستان کی بنیاد رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے نوجوانوں کو اس بہترین پروگرام پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، عمران خان نوجوانوں کیلیے امید کی کرن ہیں اس وقت پاکستان اور پوری مسلم امہ میں عمران خان سے بڑا لیڈر کوئی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دلیرانہ موقف کی وجہ سے ہندوستان گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کشمیریوں کے سفیر،وکیل اور محسن ہیں پوری قوم ان کے ساتھ ہے، نوجوان عمران خان کے ساتھ ہیں میں آپ کو داد دیتا ہوں آپ عمران خان کے نظریے کے محافظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ہم ایک تھے،ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں نوجوانوں مقبوضہ کشمیر میں اسوقت چار تصویریں ہیں ایک قائد اعظم کی ایک علامہ اقبال کی عمران خان کی اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ عمران خان ایک بال سے تین وکٹیں اڑائیں گے، اپوزیشن ناکام ہو گی اور جیت پاکستان کی ہو گی، جیت حق اور سچ کی ہو گی۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کہا کہ امر بالمعروف جلسہ ثابت کرے گا کہ عمران خان حق اور سچ کے راستے پر ہے، پوری قوم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close